لاہور(اے بی این نیوز )وزیراعظم کے مشیر احد خان چیمہ نے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کے ہمراہ پیر کو شہر میں مفت آٹے کی فراہمی کیلئے قائم مراکز کا دورہ کیا اور سمن آباد اور سبز ہ زار میں آٹے کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔چیف سیکرٹری نے شہریوں کی شکایات سنیں اور ان کے ازالے کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔انہوں نے حکم دیا کہ مفت آٹے کے حصول میں لوگوں کو درپیش مسائل فوری حل کئے جائیں اورتصدیق سے لے کر آٹے کی فراہمی تک کا عمل کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے تکنیکی مسائل کے حل کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ(پی آئی ٹی بی) کی ٹیموں کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت بھی کی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ رمضان پیکج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی حکومت کا عوام دوست اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران مستحق افراد تک ان کا حق پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔















