سانگلہ ہل(اے بی این نیوز)سابق وفاقی وزیر امور کشمیر،گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر ایم این اے نے کہا ہے کہ عمران خاں ملک میں انتشار پھیلاکر ملکی بنیادوں کو کھوکھلا کرنا چاہتے ہیں پہلے ملکی معیشت کو تباہ کیا اور ملک کے جمہوری نظام کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں حکومت،عدلیہ اور سکیورٹی اداروں میں سے کسی کو بھی نہیں مانتے، ایسا کب تک ہوگا ،آخر کار اسے انصاف کے کٹہرے میں آنا پڑے گا۔وہ اپنے پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔اس موقعہ پر مسلم لیگ ن کے رہنما میاں اعجاز حسین بھٹی سابق ایم پی اے،محمد جاوید انور بھٹی،چوہدری علی اشرف واہلہ بھی موجود تھے۔چوہدری محمد برجیس طاہر ایم این اے نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کی تباہی اور نوجوانوں کو بے روزگار کرنے کے ذمہ دار عمران خان ہیں،آئی ایم سے کئے گئے معاہدے اور ان سے انحراف کی وجہ سے حکومت کو مشکلات کا سامنا ہے مگر ہم ملکی معیشت کو صحیح ڈگر پر لائینگے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو عدالت طلب کرتی ہے تو وہ جتھے لیکر پہنچ جاتے ہیں، کیا انصاف غنڈہ گردی دھمکیوں اور جتھوں سے ڈر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ میرے پاس حفاظتی ضمانت موجود ہے ایک عدالت قرار دے کہ مجرم کو پیش کرو اور دوسری عدالت سے ریلیف مل جاتا ہے ماضی میں مسلم لیگ ن کے ساتھ کیلئے قانون کوئی اور تھا۔















