اسلام آباد میں ٹھوس فضلے کو تلف کرنے کے منصوبہ کا فوری طور پر اجراء کیا جائے، وزیراعظم

اسلام آباد(اے بی این نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد میں ٹھوس فضلے (سالڈ ویسٹ) کو تلف کرنے کے منصوبہ کا فوری طور پر اجراء کیا جائے، ٹھوس فضلے کو تلف کرنے کا ماڈل پنجاب میں موجود ہے۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے لاہور میں ٹھوس فضلے کی تلفی کیلئے بین الاقوامی معیار کا منصوبہ بنایا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں بھی مربوط سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبے کیلئے انٹرنیشنل ٹینڈر جاری کیا جائے۔ وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ گھروں سے فضلہ اکٹھا کرنے سے لے کر لینڈ فل سائیٹ تک منتقلی کے تمام مراحل کو آئوٹ سورس کیا جائے اور منصوبہ کے دوسرے مرحلہ میں فضلے سے بجلی پیدا کرنے کی منصوبہ سازی کی جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت پیر کو یہاں اسلام آباد اور گردو نواح میں ٹھوس فضلے کی تلفی کے منصوبے کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں ٹھوس فضلے کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور اسکے لئے لینڈ فل سائیٹ کا انتخاب بھی کیا جا چکا ہے۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ گھروں سے فضلہ اکٹھا کر کے لینڈ فل سائیٹ تک پہنچانے کے تمام مراحل آئوٹ سورس کئے جائیں تاکہ شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی بہترین خدمات فراہم کی جائیں اور حکومت کا خرچہ بھی کم سے کم ہو۔ اجلاس کو اس حوالہ سے اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منصوبہ کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایات کی۔ اجلاس میں سابق ارکین قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری، حنیف عباسی، انجم عقیل، کمشنر اسلام آباد، کمشنر راولپنڈی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔