بیونس آئرس (اے بی این نیوز) ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اپنے 21 سالہ شاندار بین الاقوامی کیریئر کو الوداع کہہ دیا۔
افریقی ملک بینن کے خلاف دوستانہ میچ لیونل میسی کا ارجنٹینا کی جانب سے 208واں اور آخری میچ تھا، جس میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گول اسکور کیا اور 2 گولز میں معاونت کی۔ ارجنٹینا نے یہ میچ 3-0 سے جیت لیا۔
85 ہزار سے زائد تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیم میں مداحوں اور ساتھی کھلاڑیوں نے لیونل میسی کو جذباتی انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔
لیونل میسی ارجنٹینا کی جانب سے سب سے زیادہ میچ کھیلنے اور سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے ارجنٹینا کی نمائندگی کرتے ہوئے 208 میچز میں 126 گول کیے۔
میسی نے 6 ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں شرکت کی اور ورلڈ کپ میں 21 گول اسکور کیے۔ ان کی قیادت میں ارجنٹینا نے 2021 اور 2024 کا کوپا امریکا جبکہ 2022 کا فیفا ورلڈ کپ اپنے نام کیا۔
قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کے باوجود لیونل میسی کلب فٹبال میں انٹر میامی کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔ وہ 8 مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے دنیا کے واحد فٹبالر بھی ہیں۔
میچ کے اختتام پر لیونل میسی نے جذباتی خطاب میں کہا کہ ارجنٹینا کی قومی ٹیم کے لیے کھیلنا ان کی زندگی میں ہونے والی سب سے خوبصورت چیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومی ٹیم کی شرٹ اور شائقین کو بہت یاد کریں گے اور اب ٹیم کے ساتھ بطور حامی کھڑے رہیں گے۔
مزید پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان ،نوٹیفکیشن جاری















