وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نیلہ انٹر چینج پر انڈسٹریل زون کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی

چکوال(اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نیلہ انٹر چینج پر انڈسٹریل زون کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور انہوں نے صنعت کار اور تاجر برادری کو یقین دلایا ہے کہ انکے مسائل ترجیحی بنیادوں پر اور ضلع کی سطح پر حل کریں گے۔ وہ پنجاب بھر کے چیمبرز آف کامرس کے صدور سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے فیڈریشن آف چیمبرز پاکستان کے نائب صدر قاضی محمد اکبر کی قیادت میں ملاقات کی تھی۔قاضی محمد اکبر نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کو بتایا کہ نیلہ دلہہ انٹر چینج پر صنعتی زون کے قیام کا ڈائریکٹو وزیراعظم سیکرٹریٹ سے2016میں جاری ہوا چکا ہے مگر اس پر عمل درآمد نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر ضلع چکوال میں صنعتی ترقی نہ ہونے کے برابر ہے لہٰذا صنعتی زون کے قیام سے علاقے میں روزگار کے مواقعے پیدا ہونگے اور ملک کی معاشی حالت مضبوط ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کیساتھ حکومت کے معاملات طے پاچکے ہیں دو چار روز میں اس حوالے سے معاہدے کا سو فیصد امکان ہے اور اس معاہدے کے نتیجے میں ناصرف ڈالر نیچے آئے گا بلکہ ملکی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے معاشی صورتحال کو بہتر بنایا جارہا ہے۔