پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات ہیں، صدر مملکت

اسلام آباد( اے بی این نیوز  )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلیم، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مزید تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک میں ان شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی زبردست صلاحیت موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیلیفورنیا کی ریاستی اسمبلی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے کرس ہولڈن کی قیادت میں جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات ہیں جنہیں دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے 9 جنوری 2023 کو پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان سسٹر سٹیٹ ریزولوشن پر دستخط کرنے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں امریکی سرمایہ کاری اور کاروبار کو راغب کرنے کی بڑی صلاحیت ہے جو دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو بڑھانے میں مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وفد کا دورہ پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے ساتھ ساتھ دیگر اراکین اسمبلی کو پاکستان کا دورہ کرنے کی ترغیب دے گا۔ صدر مملکت نے دونوں ممالک کی یونیورسٹیوں کے درمیان تعاون کو بڑھانے اور طلباء کے تبادلوں کو فروغ دینے کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ تعلیم کے شعبے میں تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے صدر نے تجویز پیش کی کہ امریکی یونیورسٹیاں پاکستانی طلباء کو لائیو لیکچر فراہم کر سکتی ہیں۔ انہوں نے خواتین کو سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے وفد کو بیگم ثمینہ علوی کی کاوشوں سے آگاہ کیا جو پاکستان میں چھاتی کے کینسر کے بارے میں شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔امریکی وفد نے زراعت کے شعبے سے متعلق ٹیکنالوجی کی منتقلی سمیت زراعت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ تعلیمی شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے طلباء اور فیکلٹی کے تبادلے کے پروگراموں پر بھی زور دیا۔ وفد نے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وفد نے یہ بھی بتایا کہ کیلیفورنیا میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے پاکستانی تارکین کی بڑی تعداد موجود ہے جو اس کے ٹرانسپورٹ اور زراعت کے شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔