انتخابات ازخود نوٹس کیس، سپریم کورٹ کا فل کورٹ تشکیل دینے کی درخواست دائر

اسلام آباد (نیوزڈیسک)مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے لئے سپریم کورٹ کا فل کورٹ تشکیل دینے کی درخواست دائر کردی۔مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) کی جانب سے سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کی گئی ، جس میں کہا گیا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کے لیے سپریم کورٹ کا فل کورٹ بینچ تشکیل دیا جائے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ فل کورٹ بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظاہر نقوی شامل نہ ہوں کیونکہ یہ دونوں فاضل جج صاحبان اپنا ذہن واضح کرچکے ہیں۔ادھرسپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے وکلاء نے بھی ازخود نوٹس کیس میں فریق بننے کی متفرق درخواست دائر کردی ۔درخواست میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ دوست محمدمزاری کیس میں فل بینچ کی درخواست مسترد کرچکی، کسی بھی بینچ کی تشکیل چیف جسٹس آف پاکستان کا استحقاق ہے، پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی (ف)حالات سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہیں۔دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ 3 سیاسی جماعتوں نے 2 ججز کے حوالے سے مشترکہ بیان جمع کرایا، جو قانون اور حقائق کےمنافی ہے، اس کا مقصد عوامی اہمیت کے اس اہم معاملے میں تاخیر کی کوشش ہے۔وکلا نے اپنی درخواست میں کہا کہ عدالت پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہورہی ہے، جس کی اجازت نہیں دی جاسکتی، یہ آئین کی بالادستی کامعاملہ ہے، جس کے لئے عدالت کی معاونت کرنا چاہتے ہیں۔از خود نوٹس کی آئندہ سماعت پیر (27 فروری) کو ہوگی۔