اہم خبریں

مفت ایس ایم ایس کے حکم کے باوجود پیٹرول ریلیف رجسٹریشن پر 4 روپے کٹنے کی شکایات

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پیٹرول ریلیف اسکیم کی رجسٹریشن کے لیے ایس ایم ایس سروس مفت کرنے کی ہدایت کے باوجود بعض شہریوں نے فی پیغام تقریباً 4 روپے چارج ہونے کی شکایت کی ہے۔

وزیراعظم نے 14 ستمبر کو پیٹرول ریلیف اسکیم پر جائزہ اجلاس کے دوران واضح ہدایت دی تھی کہ رجسٹریشن کے لیے درکار ایس ایم ایس شہریوں کو بلا معاوضہ فراہم کیے جائیں اور عوام کو رجسٹریشن کے عمل میں ہر ممکن رہنمائی دی جائے۔

حکومت کے مطابق پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت رجسٹریشن 9771 پر ایس ایم ایس کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ وزارتِ آئی ٹی کے مطابق رجسٹریشن کے لیے شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر، رجسٹریشن صوبے کا کوڈ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ درکار ہے۔

تاہم شہریوں کی جانب سے شکایات سامنے آئی ہیں کہ وزیراعظم کی مفت ایس ایم ایس کی ہدایت کے باوجود بعض موبائل صارفین کو پیغام بھیجنے پر تقریباً 4 روپے ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔ اس صورتحال نے سرکاری ہدایت پر فوری عمل درآمد اور موبائل آپریٹرز کی جانب سے چارجز کے خاتمے کے طریقہ کار پر سوالات پیدا کر دیے ہیں۔

سرکاری بریفنگ کے مطابق اسلام آباد میں رجسٹریشن کے آغاز کے بعد 6 لاکھ سے زائد ایس ایم ایس** موصول ہوئے، جبکہ 42 ہزار 933 درخواست دہندگان کامیابی سے رجسٹر ہو چکے تھے۔

پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور دیگر دو و تین پہیوں والی گاڑیوں کے اہل مالکان کو ماہانہ 20 لیٹر تک پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر تک یہی رعایت مقرر کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں اسکیم پہلے ہی فعال ہے جبکہ حکومت کے مطابق ملک بھر میں، بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، پیٹرول ریلیف کا نفاذ 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب سے کیا جانا ہے۔
مزیدپڑھیں :ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج کا دن کیسا رہے گا؟

متعلقہ خبریں