پوری قوم دہشتگردی کی لعنت کو شکست دینے کیلئے متحد ہے،وزیرمملکت فیصل کریم کنڈی

پشاور( اے بی این نیوز   )وزیرمملکت برائے تخفیف غربت وسماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے جمعہ کی شام لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کیا اورپشاورپولیس لائنزمسجدمیں ہونےوالے خودکش دھماکے کے زخمی افرادکی عیادت کی ۔اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی محمدعلی شاہ باچہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔فیصل کریم کنڈی نے زخمیوں سے انکی خیریت دریافت کی اوران کی جلد صحت یابی کےلئے دعاکی ۔بعدازاں انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈزکادورہ کیاجہاں دھماکے کے زیرعلاج افرادکودی جانےوالی طبی سہولیات کاجائزہ لیا ۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام متاثرین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں،غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر قسم کی مدد کی جائے گی۔بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرمملکت فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ پوری قوم دہشت گردی کی لعنت کو شکست دینے کے لیے متحد ہے ،آج میں یہاں متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے آیا ہوں،پولیس شہداءاور زخمیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔فیصل کنڈی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے دھماکے کے ہر شہید کے لواحقین کے لیے 20 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 5 لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے ،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی ایل آر ایچ کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔انہوں نے کہاکہ اپیکس کمیٹی کے شرکاءنے دہشت گردی کے خاتمے اور خیبرپختونخوا کو دوبارہ امن و ترقی کا گہوارہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے، ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں تمام سکیورٹی فورسز کے نمائندے موجود تھے، 6 گھنٹے کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ کو پرامن بنائیں گے ۔فیصل کریم کنڈی نے مزید کہاکہ پڑوسی ممالک ایران اور افغانستان کے ساتھ بات چیت کرینگے تاکہ ان کی زمین ہمارے خلاف استعمال نہ ہو، آج کے پوائنٹس 7 فروری کی اے پی سی میں رکھے جائینگے ۔