اہم خبریں

عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ سے متعلق ایک اور آڈیو لیک

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ سے متعلق ایک اور آڈیو لیک ہوگئی ہے، جس میں وہ تصاویر لینے پر ملازمین پر برس رہی ہیں۔ مبینہ آڈیو دراصل ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو پر مبنی ہے جس میں بشریٰ بی بی جس شخص سے مخاطب ہیں اُس کا نام نہیں لیا البتہ اُس سے شدید نالاں معلوم ہورہی ہیں۔ بشریٰ بی بی نے کالر سے استفسار کیا کہ ’یہ جو توشہ خانہ سے چیزیں آئیں تھیں آپ نے اکبر کو کہا تھا کہ ان کی تصاویر کھینچ کر بھیجو‘۔ اس پر کالر نے انکار کرتے ہوئے جواب دیا کہ ’نہیں میں نے ایسا نہیں کہا‘ ، پھر بشریٰ بی بی نے کہا کہ جو چیزیں گھر کے اندر آتی ہیں اُن کی تصاویر نہیں بناتے البتہ جو باہر جاتی ہیں اُن کی تصویریں کھینچی چاہیں۔ بشریٰ بی بی نے اس آڈیو میں کہا کہ ’انعام نے کہا ہے اور اُس کو تصویریں بھیج دی ہیں‘۔ اسی اثنا سابق خاتون اوّل نے ٹیلی فون پر موجود شخص کو انتظار کرنے کی ہدایت کی اور پھر پیچھے گھر میں کسی شخص (ملازم) سے توشہ خانہ کے تحائف کی تصاویر سے متعلق استفسار کرنے لگیں۔ بشریٰ بی بی نے گھر میں موجود شخص سے گفتگو کرتے ہوئے توشہ خانہ کے تحائف کی تصاویر لینے سے متعلق استفسار کیا اور پوچھا کہ یہ حکم کس نے دیا اور پھر جواب سننے کے بعد انہوں نے کہا کہ ’کس چیز کا اور کیا ثبوت‘؟ بشریٰ بی بی نے ہدایت کی کہ اندر آنے والی کسی چیز کی تصویر نہیں بناتے کیونکہ وہ میرے پاس آرہی ہے البتہ جو چیزیں گھر سے باہر جارہی ہیں اُنکی تصاویر کھینچتے ہیں؟ استفسار پر گھر میں موجود شخص نے تصاویر کو ثبوت سے جوڑنے کا ذکر کیا تو سابق خاتون اوّل نے غصے میں کہا کہ ’آُپ لوگوں نے گھر کو تماشہ بنایا ہوا ہے، وہ ایم ایس ہم پر بھروسہ کر کے چیزیں بغیر تصویر کے بھیج رہا ہے تو آپ کون ہوتے ہیں تصاویر بنانے والے؟ پھر عمران خان کی اہلیہ نے کالر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’تمھیں اس نے تصاویر کیوں بھیجی ہیں؟ بعد ازاں انہوں نے کالر کو ہدایت کی کہ ’تم آج کے بعد گھر میں داخل نہیں ہوگے اور وہ تصویریں لے کر وہیں بیٹھے رہو جہاں بیٹھے ہو‘۔

متعلقہ خبریں