اسلام آباد( اے بی این نیوز ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 26ویں آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی کی طرف سے وکیل سمیر کھوسہ نے درخواست دائر کی، جس میں ترمیم کو غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ آئین کے بنیادی اصولوں کو تبدیل نہیں کر سکتی، اور عدلیہ کی آزادی آئین کا ایک اہم جزو ہے جس میں کسی بھی قسم کی تبدیلی نہیں کی جا سکتی۔ اس لیے، درخواست میں یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ ترمیم آئین میں اختیارات کی تقسیم کے اصول کے خلاف ہے۔
پی ٹی آئی نے اپنی درخواست میں سپریم کورٹ سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم پر فیصلے تک جوڈیشل کمیشن کو ججز کی تقرری سے روکا جائے۔ یاد رہے کہ اس ترمیم کے خلاف سپریم کورٹ میں اس سے قبل 15 مختلف درخواستیں دائر کی جا چکی ہیں۔