اسلام آباد (نیوزڈیسک) حکومت کی غلط پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی تمام کوششیں رائیگاں گئیں جس سے پاکستان کو بڑا نقصان ہوا۔سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ملک میں اشرافیہ کے نظام کا خاتمہ ناممکن ہوچکاکیونکہ چھوٹی سی اشرافیہ پورے ملک کے تمام فیصلے کر رہی ہے۔اسحاق ڈار پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے پاکستان کو بڑا نقصان پہنچایا۔ اسحاق ڈار نے پبلک میں میرے خلاف باتیں کرکے چھوٹے پن کا مظاہرہ کیا، میری صلاحیت پر سوال اٹھائے جس پر میں نے صرف اسحاق ڈار کو جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی نے میرے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی اور میں مسلم لیگ ن کا ہی حصہ ہوں، وزیر بنانا وزیر اعظم کا حق ہے اور ہٹانا بھی انہی کی صوابدید ہے جبکہ مستقبل میں میرا انتخابات میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم نے جمہوری طرز اور صدارتی نظام حکومت آزما کر دیکھ لیا جبکہ ہم تو آمریت بھی دیکھ چکے ہیں، ہر ملک ہم سے آگے جا رہا ہے لیکن ادھر گورننس ٹھیک نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی کڑی شرائط تسلیم کرنے پر راضی ہو گئی ہے تاہم اب نچلے طبقے کے لیے روزگار پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔