چیئرمین سی ڈی اے کا نادہندگان کو الاٹمنٹ کینسل کرنے کا انتباہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) اسلام آباد میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین چوہدری محمد علی رندھاوا نے کمرشل اور دیگر پلاٹوں کے کامیاب بولی دہندگان کو وارننگ جاری کی ہے کہ وہ اپنی الاٹمنٹ کی منسوخی سے بچنے کے لیے مقررہ شیڈول کے اندر اپنے واجبات ادا کریں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بدھ کے روز سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران ہدایات دی تھیں، جن پر رندھاوا کی زیر صدارت اعلیٰ حکام کے اجلاس میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد، پہاڑیوں کا پیدل سفر کرنیوالوں کی حفاظت کیلئے مارگلہ ٹریلز پیٹرول یونٹ کا آغاز
رندھاوا نے اس بات پر زور دیا کہ جائیداد کی اپنی الاٹمنٹ اور لیز کو برقرار رکھنے کے لیے، الاٹیوں کو مقررہ مدت کے اندر اپنی ادائیگیاں کرنی ہوں گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے ساتھ بقایا ادائیگیوں کے حوالے سے مسائل حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

مزید برآں، سی ڈی اے کے چیئرمین نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشنز کو سراہتے ہوئے اپنی ٹیم کو اسی رفتار کے ساتھ جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سی ڈی اے بورڈ ممبران کی ایمانداری اور محنت کی بھی تعریف کی اور ان پر زور دیا کہ وہ شہری ادارے کی آمدنی میں اضافے کے لیے مزید طریقے تلاش کریں جو کہ اپنے وسائل سے مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا ذمہ دار ہے۔