اہم خبریں

میئر کراچی کا حق پاکستان پیپلزپارٹی کا ہے ، اتحاد کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی،وزیراعلیٰ سندھ

جامشورو ( نیوز ڈیسک )وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ میئر کراچی کا حق پاکستان پیپلزپارٹی کا ہے ، اتحاد کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی ۔ عمران خان نے اپنے دورِ اقتدار میں ملک کے ساتھ جو کیا وہ سب کے سامنے ہے۔ ایک شخص کی انا کی وجہ سے اسمبلی تحلیل کرنا درست نہیں۔ایم کیو ایم کے اعتراضات کے حوالے سے ہم نے الیکشن کمیشن کو لکھا مگر انہوں نے منع کردیا۔ یہ بات وزیراعلیٰ سندھ نے پنہور اسٹیٹیوٹ آف سندھ اسٹڈیز میں ڈیجیٹل لائبریری کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کو مشورہ دیتا ہوں کہ اسمبلی تحلیل نہ کریں کیونکہ ایک شخص کی انا کو مقدس سمجھ کر اتنی بڑی غلطی کرنا درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ کے پی کے حکومت کو اسمبلی تحلیل کرنے سے پہلے اچھی طرح سوچنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کراچی سے شکست پر ایک شخص کی انا کو ٹھیس پہنچی ہے۔ 2018 کے انتخابات میں پی ٹی آئی امیدوار رات سوتے اور صبح اٹھ کر کہتے کہ جیت گئے ۔ پی ٹی آئی کے ایسے امیدوار بھی تھے جنہیں اپنے حلقے کا علم نہیں تھا لیکن جب وہ صبح اٹھے تو الیکشن جیت چکے تھے۔وہ سمجھ رہے تھے کہ الیکشن ایسے ہی ہوتے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں نے چوہدری پرویز الہٰی صاحب کو بھی مشورہ دیا تھا کہ اسمبلی تحلیل نہ کریں جب تک آپ کے پاس کوئی ٹھوس وجوہات نہ ہوں یعنی جب آپ سمجھیں کہ آپ سے معاملات نہیں چل پا رہے یا دوسری صورت کہ آپ کایہ اقدام صوبے کی بہتری کے لیے ہو ،محض ایک شخص کی انا کو مقدس مان کر اسمبلیاں تحلیل کرنا سمجھ سے باہر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن مہم بڑی بہتر انداز میں چلائی جیسا کہ ایک جمہوری جماعت کوکرنا چاہیے ۔ متحدہ نے حلقہ بندیوں کے حوالے سے ہر فورم کا رخ کیا تھا اور سپریم کورٹ نے بھی ان سے کہا کہ آپ صوبائی حکومت یا الیکشن کمیشن سے بات کریں ۔ ہم نے اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو بھی لکھا لیکن انہوں نے بات نہیں مانی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران ایک بڑا مسئلہ امن و امان کی بحالی کاتھا کیونکہ جس طرح کی دھمکیاں پورے پاکستان کو دی جارہی تھی ، اس حوالے سے ہم نے سوچا کہ کوئی بڑا سانحہ پیش نہ آئے مگر اللہ کے کرم سے الیکشن پُرامن رہے اور یہ الیکشن پاکستان کی تاریخ کے سب سے پُرامن الیکشن تھے۔انہوں نے کہا کہ میں تمام قانون نافذ کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد کے حوالے سے پارٹی قیادت جو فیصلہ کرے گی ہم تسلیم کریں گے۔ہمیں صوبہ سندھ کے شہروں اور دیہاتوں کی رونقیں بحال کرنی ہیں اور ان کی بہتری کےلیے کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگوں نے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی پر اپنا اعتماد بحال رکھا اور پہلے مرحلے میں بھی جن چار ڈویژن میں انتخابات ہوئے وہاں بھی لوگوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کا بھرپور ساتھ دیا اور دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد کے لوگوں نے بھی پاکستان پیپلزپارٹی کو کامیاب کرایا۔مراد علی شاہ نے کہاکہ سندھ کے لوگوں کا یہ عقیدہ ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو ان کے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ ہے اور اس حوالے سے ہم نے کام بھی کیا ہے اور کرکے دکھایا بھی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے ہرڈسٹرکٹ میں کامیاب رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2018 میں جب آرٹی ایس تھا اُس وقت نتائج کے آنے میں 3 دن لگ گئے تھے لیکن اس بار 24 گھنٹوں میں فائنل نتائج آگئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ میں جماعت اسلامی کو بھی ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباددیتاہوں۔ ہم سب کے ساتھ مل کر سندھ کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔

متعلقہ خبریں