اسلام آباد( نامہ نگار )وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج اسلام آباد میں عوامی جمہوریہ چین کے سبکدوش ہونے والے سفیرنونگ رونگ کے اعزاز میں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی جانب سے الوداعی ظہرانہ دیاجس میںوفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ظفر الدین محمود گورنراسٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر نےشرکت کی۔ وزیر خزانہ نے جمہوریہ چین کے سفیر کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور گہرے دوستانہ تعلقات کی تعریف کی۔ وزیر خزانہ نے وزیر اعظم کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پرانے برادرانہ تعلقات کو بڑھانے اور مضبوط بنانے میں چینی سفیر کے کردار کو سراہا۔ چینی سفیر نے ان کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں میں پاکستانی قیادت کی طرف سے فراہم کی جانے والی مدد اورتعاون کو سراہا۔ اختتامی کلمات میں، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے سفیر نونگ رونگ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی مستقبل کی ذمہ داریوں اور کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔















