اہم خبریں

حماس کے تل ابیب پرراکٹ حملے،22افرادہلاک،جوابی کارروائی میں 12فلسطینی شہید

مقبوضہ بیت المقدس،مقبوضہ غزہ،تل ابیب(نیوزڈیسک) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)کے حملے میں 22 افراد ہلاک اور 545 سے زائد زخمی ہو گئے،اسرائیل نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے غزہ پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں 12 فلسطینی شہیداور متعدد زخمی ہوگئے،ادھرالقسام بریگیڈ نے 35 اسرائیلی فوجیوں کو پکڑ لیا ہے۔ادھراسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نےکہاہےکہ ہم حالتِ جنگ میں ہیں جبکہ اسرائیل کے وزیر دفاع یواو گیلنٹ نے کہاہے کہ حماس نے ایک سنگین غلطی کی ہے اور یہ کہ اسرائیل کی ریاست یہ جنگ جیت جائے گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق میگن ڈیوڈ ایڈوم ایمرجنسی میڈیکل سروس نے مرنے والوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 22 افراد گولیاں لگنے سے ہلاک ہو چکے ہیں اور مزید سینکڑوں مریضوں کا علاج کررہے ہیں۔ اسرائیلی وزارت صحت نے بھی بتایاکہ حماس کے حملوں میں 545 اسرائیلی زخمی ہوئے۔ حماس کی جانب سے جہاں ایک طرف ہزاروں راکٹ غزہ کی پٹی پر فائر کیے گئے وہیں مسلح افراد بھی شہر میں داخل ہو گئے۔فلسطین میں سرگرم تنظیم حماس کے عسکری ونگ کے مطابق ہفتے کو آپریشن طوفان الاقصی کا آغاز کرتے ہوئے پانچ ہزار سے زائد راکٹ اسرائیل کی جانب داغے گئے، جسے تل ابیب نے جنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے فوجی غزہ کی پٹی کے ارد گرد کئی مقامات پر فلسطینی عسکریت پسندوں سے لڑائی میں مصروف ہیں۔حماس کے فوجی کمانڈر محمد الضیف نے حماس میڈیا پر نشر ہونے والی ایک نشریات میں آپریشن الاقصی فلڈ کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے فلسطینیوں سے ہر جگہ لڑنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ یہ زمین پر آخری قبضے کو ختم کرنے کی سب سے بڑی جنگ کا دن ہے، 5 ہزار سے زائد راکٹ (اسرائیل کی جانب) داغ دیے گئے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے غاصب (اسرائیل) کے تمام جرائم کا سلسلہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان کی بلا احتساب اشتعال انگیزی کا وقت ختم ہو گیا۔بیان میں کہا گیا کہ ہم آپریشن الا اقصی فلڈ کا اعلان کرتے ہیں اور ہم نے ابتدائی حملے میں 20 منٹ کے اندر 5 ہزار سے زائد راکٹ فائر کیے۔ٹیلی گرام پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں حماس نے مغربی کنارے میں مزاحمت کرنے والے مجاہدین کے ساتھ ساتھ عرب ممالک سمیت دیگر اسلامی ممالک سے جنگ کا حصہ بننے کی اپیل کی ہے۔بعدازاں حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد اسرائیل کی غزہ پر بمباری کے سبب 12 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ، ایک بیان میں اسرائیلی فوج نے بتایاکہ حماس کے اسرائیل پر حملے بعد اسرائیل نے غزہ پر بمباری شروع کردی، اسرائیلی فوج کے مطابق اس نے راکٹ حملوں کے جواب میں غزہ میں حماس کے اہداف پر جوابی فضائی حملے کیے ۔اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ ہم حالتِ جنگ میں ہیں‘ اسرائیل کے وزیر دفاع یواو گیلنٹ نے کہا کہ حماس نے ایک سنگین غلطی کی ہے اور یہ کہ اسرائیل کی ریاست یہ جنگ جیت جائے گی۔

متعلقہ خبریں