اسرائیلی صدر امریکا پہنچ گئے، کانگریس کے مشترکہ سیشن سے خطاب کریں گے

تل ابیب(نیوزڈیسک)اسرائیل کے صدر آئیزیک ہرزوگ آج امریکا پہنچ گئے ہیں، وہ اپنے امریکی ہم منصب جو بائیڈن سے ملاقات کریں گے۔غیرملکی خبررساں ادرے کے مطابق منگل کو اسرائیلی صدر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہاگیاکہ اس سفارتی دورے کا مقصد امریکا اور اسرائیل کے درمیان تعلقات اور شراکت داری کو مضبوط کرنا ہے۔اسرائیلی صدر کے ہمراہ امریکا میں تعینات اسرائیلی سفیر مائیک ہرزوگ اور اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر تھامس نائیڈس بھی امریکا پہنچے۔آئیزیک ہرزوگ امریکی کانگریس کے خصوصی مشترکہ سیشن سے خطاب کریں گے۔امریکا کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہوگا کہ کوئی اسرائیلی صدر کانگریس کے دونوں ایوانوں سے خطاب کرے گا۔35 سال پہلے آئیزیک ہرزوگ کے والد خائم ہرزوگ نے بطور اسرائیلی صدر امریکی کانگریس کے مشترکہ سیشن سے خطاب کیا تھا۔