سلیکان ویلی کے پلگ اینڈ پلے سرمایہ کارکا سعودی فنڈ کے اشتراک سے10 کروڑ ڈالر کا منصوبہ

ریاض(نیوزڈیسک)سلیکان ویلی میں قائم ٹیکنالوجی سرمایہ کار پلگ اینڈ پلے ٹیک سنٹر سعودی ٹیک اسٹارٹ اپ میں سرمایہ کاری کے لیے 10 کروڑ ڈالر جمع کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔اس نے ڈراپ باکس انکارپوریٹڈ اور پے پال ہولڈنگز انکارپوریٹڈ سمیت کمپنیوں کی ابتدائی مالی معاونت کی تھی۔پلگ اینڈ پلے سنٹر ممکنہ طور پر سعودی عرب کے خودمختار دولت فنڈ کے ایک یونٹ کی معاونت سے نئی سرمایہ کاری کرے گا۔غیرملکی خبررساں ادرے کے مطابق کمپنی کے بانی اور سی ای او سعید عمیدی نے الریاض میں ایک انٹرویو میں کہا کہ پلگ اینڈ پلے سعودی دولت فنڈ کے قائم کردہ ایک ارب ڈالر کے فنڈ جادا کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے تاکہ گھریلو وینچر کیپیٹل انڈسٹری کو شروع کرنے میں مدد مل سکے۔انھوں نے کہا کہ یہ فنڈ آیندہ جنوری تک شروع کیا جائے گا، جس میں پلگ اینڈ پلے مجموعی طور پر 10 فی صد حصہ ڈالے گا اور باقی سعودی فنڈز اور خاندانی دفاتر سے جمع کیا جائے گا۔عمیدی نے کہا کہ گذشتہ چند سال میں سعودی اسٹارٹ اپس کے معیار میں بہتری آئی ہے۔اس لیے پلگ اینڈ پلے فنڈ یہاں اپنا منصوبہ شروع کر رہا ہے۔انھوں نے کہاکہ ہم اپنے معیار کو کم نہیں کریں گے۔ ہم امریکااور جرمنی میں سرمایہ کاری کرتے ہیں – ہمارا کوالٹی کنٹرول صرف اس وجہ سے تبدیل نہیں ہونے والا ہے کہ یہ سعودی عرب ہے، اور اگر مجھے اعلیٰ معیار کے اسٹارٹ اپ نہیں مل سکے تو میں سرمایہ کاری نہیں کروں گا۔سعودی عرب اپنی تیل پر منحصر معیشت کو متنوع بنانے اور نجی شعبے میں ملازمتیں پیدا کرنے پر زوردے رہا ہے۔اس منصوبے کے حصے کے طور پر کاروباری افراد اور وینچر کیپیٹل انڈسٹری کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ جادا نے 2021 میں ہیمبرو پرکس لمیٹڈ کے زیر انتظام پانچ کروڑ ڈالر کے مڈل ایسٹ فنڈ کی بھی معاونت کی تھی۔عمیدی نے کہا کہ پلگ اینڈ پلے سنٹر پانچ فنڈز کے پورٹ فولیو کا انتظام کرتا ہے ، جس کی مجموعی مالیت 50 کروڑ ڈالر ہے اور مزید پانچ قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔