اسلام آباد ( نیوز ڈیسک)سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے تعاون سے پاکستانی شہریوں کی سوڈان سے محفوظ واپسی شروع، جنگ زدہ ملک سوڈان سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کا پلان کامیاب ہو گیا۔ 427 پاکستانی بحفاظت ایئرپورٹ پرپہنچ گئے جہاں سے وہ پاکستان کی جانب پرواز کرینگے، 427 پاکستانیوں کی رہائش، خوراک کا انتظام بھی حکومت پاکستان نے کیا ، پاکستانیوں کی واپسی کیلئے دوست ممالک اور خطے میں پاکستانی سفارت خانے بھی مدد کر رہے ہیں۔وزیر اعظم نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، حنا ربانی کھر، وزارت خارجہ کے حکام، سوڈان میں سفیر کو پاکستانیوں کی واپسی کا پلان کامیاب بنانے پر شاباش دی، شہباز شریف نے عسکری حکام اور تمام متعلقہ ذمہ داران کی انخلاء کی جامع حکمت عملی پر عملدرآمد کی تعریف کی، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو بھی خراج تحسین پیش کیا،حکومت نے پاکستانیوں کے انخلاء کیلئے محفوظ راستوں کا تعین کیا، پاکستانیوں کو چھوٹے چھوٹے گروہوں کی شکل میں خرطوم سے محفوظ مقامات پر پہنچایا جا رہا ہے، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر نے پاکستانیوں کے انخلاء میں خصوصی معاونت کی۔ سوڈان میں محصور پاکستانیوں کی سلامتی اور تحفظ سے متلعق اقدامات کی مسلسل نگرانی جاری تھی، پاکستانی سفارت خانہ بھی محصور پاکستانیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، سوڈان میں ہیلپ لائن قائم ہے جس پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔















