ناسا کے انسائٹ لینڈر نے مریخ پر اپنا مشن ختم کر دیا

لاس اینجلس(نیوز ڈیسک)ناسا کے انسائٹ لینڈر نے مریخ پر منفرد سائنس معلومات جمع کرنے کے چار سال سے زیادہ عرصے کے بعد اپنا مشن ختم کر دیا ہے۔ناسا کی جانب سے کیے گئے ایک اعلان کے مطابق جنوبی کیلیفورنیا میں ناسا کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری کے مشن کنٹرولرز مسلسل دو کوششوں کے بعد لینڈر سے رابطہ کرنے میں ناکام رہے، جس کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ خلائی جہاز کی شمسی توانائی سے چلنے والی بیٹریوں کی توانائی ختم ہو گئی ہے جسے انجینئرز “ڈیڈ بس”کا نام دیتے ہیں۔ناسا اس سے پہلے فیصلہ کرچکا تھا کہ اگر لینڈر سے رابطے کی دو کوششیں ناکام رہتی ہیں تو اس مشن کو ختم کر دیا جائے گا۔ ناسا کے مطابق، انسائٹ کا زمین کے ساتھ آخری بار رابطہ 15 دسمبر کو ہوا تھا۔ انسائٹ کو مئی 2018 میں مریخ کے اندرونی حصے کا مطالعہ کرنے کے لیے لانچ کیا گیا تھا۔ جو نومبر 2018 کے آخرمیں سرخ سیارے پر بحفاظت اتر گیا تھا،2012 میں کیوروسٹی روور کے بعد ناسا کی مریخ پر یہ پہلی لینڈنگ تھی۔