اسلام آباد (اے بی این نیوز) چین نے بھارت کو نایاب دھاتوں کی برآمد پر پابندی عائد کر دی ہے، جو بھارتی معیشت، خاص طور پر آٹو انڈسٹری کے لیے ایک بڑا دھچکہ بن گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس فیصلے کے بعد بھارت کی الیکٹرک اور روایتی گاڑیوں کی تیاری بری طرح متاثر ہو رہی ہے کیونکہ نایاب میگنٹس اور دیگر دھاتوں کی سپلائی رک گئی ہے، جو ان گاڑیوں میں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔
چین پر انحصار نے بھارت کی آٹو انڈسٹری کو ایک بڑے بحران میں دھکیل دیا ہے، اور صنعت کاروں نے حکومت سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے۔ فیکٹریوں کی ممکنہ بندش کے باعث ہزاروں ملازمین کے روزگار کو بھی خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔
چینی فیصلے سے مودی حکومت کے ‘میک اِن انڈیا’ منصوبے کو شدید دھچکا پہنچا ہے، اور بھارت میں گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق بھارت کے پاس اس وقت ان دھاتوں کا کوئی مؤثر متبادل نہیں ہے، جس سے ملک کی صنعتی خودمختاری پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ چین کی پابندی کے بعد بھارت کی آٹو انڈسٹری نہ صرف دباؤ کا شکار ہو گئی ہے بلکہ اس سے صنعتی ترقی کے دعوے بھی متاثر ہو رہے ہیں۔