اہم خبریں

حزب اللہ نے اسرائیل پر میزائل داغ دیئے ،امریکی شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایت

بیروت (نیوز ڈیسک )لبنان کی ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا حزب اللہ نے 24 گھنٹوں کے دوران شمالی اسرائیل پر چھ میزائل حملے کیے ہیں۔

خطے میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر امریکا نے اپنے شہریوں کو جلد از جلد لبنان چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔ اس سے قبل برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی بھی لبنان میں مقیم برطانوی شہریوں کو وارننگ دے چکے ہیں۔

حزب اللہ نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب مقامی وقت کے مطابق تقریباً ساڑھے بارہ بجے شمالی اسرائیلی قصبے بیت الحلیل اور دیگر مقامات پر درجنوں راکٹ داغے۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ راکٹوں کو اسرائیل کے آئرن ڈوم ایئر ڈیفنس سسٹم نے روکا ہے۔خدشہ ہے کہ حزب اللہ ملیشیا اسرائیل کے خلاف کسی بھی انتقامی کارروائی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

ایسی صورت میں اسرائیل کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آ سکتا ہے۔ان حالات میں اردن نے بھی اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے جب کہ کینیڈا نے اپنے شہریوں کو اسرائیل یا لبنان کا سفر کرنے سے گریز کرنے کا حکم دیا ہے۔

تہران میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد امریکا اور حزب اللہ نے اسرائیل سے بدلہ لینے کا اعلان کردیا۔ اسرائیل پر حملوں کے خطرے کے پیش نظر امریکا نے خطے میں اپنی فوجی موجودگی بڑھا دی ہے۔ وہ 2 طیارہ بردار بحری جہازوں سمیت کئی بحری جہاز خلیج فارس بھیج رہا ہے۔

اسرائیل نے ابھی تک اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس نے بیروت میں حزب اللہ کے اسی کمانڈر فواد شکر کی شہادت کی ذمہ داری قبول کی ہے۔دوسری جانب بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف صہیونی فوج کی صیہونی دہشت گردی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

اسرائیلی فوج نے غزہ میں ایک اور اسکول پر فضائی حملہ کیا ہے۔اس سکول میں بے گھر لوگوں نے پناہ لی تھی۔ اس حملے میں 17 افراد شہید ہوئے تھے۔ الاقصیٰ اسپتال کے احاطے میں بے گھر افراد کے خیموں پر حملے میں 3 افراد شہید ہوگئے۔

اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس اسکول میں حماس کا کمانڈ سینٹر تھا اور حماس کے جنگجو وہاں پناہ لیے ہوئے تھے۔حملے کے بعد امدادی کارروائیوں کےدوران مزید بم گرائے گئے۔ 24 گھنٹوں میں 31 فلسطینی شہید اور 62 زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے وسطی اور جنوبی غزہ میں متعدد مکانات کو نشانہ بنایا جب کہ غرب اردن کے علاقے الرضوان میں بھی حملے کیے گئے۔غرب اردن میں اسرائیلی ڈرون حملے میں القسام بریگیڈ کے کمانڈر سمیت 9 فلسطینی شہید ہوگئے۔

لبنان اور شام کی سرحد پر ٹرکوں کے قافلے پر اسرائیلی حملے میں متعدد ڈرائیورز زخمی بھی ہوئے۔فلسطینی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والوں کی تعداد 39 ہزار 550 تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران 91 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں جرائم پیشہ افراد کے سر کی قیمت مقرر کرنے کے لیے پولیس رولز میں ترمیم کا فیصلہ

متعلقہ خبریں