اہم خبریں

آزاد کشمیر میں ’’ستھرا کشمیر پروگرام‘‘ لانچ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ

مظفرآباد(اے بی این نیوز)وزیراعظم آزاد کشمیر کے ویژن اور ہدایات کے مطابق ستھر ا کشمیر پروگرام لانچ کردیا گیا۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو ہر ضلع کی سطح پر آوٹ سورس کیا جائیگا اور ایک ہفتہ میں پرائیویٹ پارٹیز کیلئے اشتہارات دئیے جائینگے ۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی ارشاد احمد قریشی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں ستھرا کشمیر پروگرا م کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ ،میئرز ، چیئرمینز ، چیف آفیسران اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ویہی ترقی کے علاوہ دیگر آفیسران نے شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق گورنمنٹ کے ادارے ریگولیٹر کا کام کرینگے جبکہ سروس کی فراہمی کیلئے پرائیویٹ پارٹیز کے ساتھ معائدہ جات کیے جائینگے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پورے آزادکشمیر میں مشینری اور سینٹری ورکرز کے لیے ایک ہی طرح کا یونیفارم ہوگا اور جہاں جہاںمشینری ، گاڑیاں یا افرادی قوت درکار ہوگی وہ معائدہ کے بعد پرائیویٹ پارٹیز فراہم کریںگی۔ ارشاد احمد قریشی نے کہا کہ حکومت نے 100دنوں کے پلان میں ستھرا کشمیر ، گرین ایریاز کا قیام ، سالڈ ویسٹ کے لئے نئی آپریشنل وہیکلز کی خریداری ، ماڈل ویلیج کا قیام ، شہروں کی خوبصورتی کیلئے اقدامات کیے جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

جسکے لئے محکمہ لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی اور منتخب بلدیاتی نمائندگان اپنا کردار ادا کریں ۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ویہی ترقی نے بتایا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پورے آزاد کشمیر میں سالڈ ویسٹ کو اکٹھا کرنے کے حوالے سے جامع اور تفصیلی پلان مرتب کیاجارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گاوں کی سطح پر بھی منتخب بلدیاتی نمائندگان، یوتھ اور خواتین کونسلرز کے ساتھ مل کر گھروں سے کوڑ اکرکٹ اکٹھا کرنے کے حوالے سے کام کیا جائیگا۔ میئر میونسپل کارپوریشن مظفرآباد ، کوٹلی ، حویلی اور سدھنوتی نے کہا کہ نئی حکومت کا ستھرا کشمیر پروگرام قابل ستائش ہے اور تمام میونسپل کارپوریشن سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہیں ۔

چیئرمین ضلع کونسل باغ اور نیلم ویلی نے کہا کہ ستھرا کشمیر پروگرام میں دیہی علاقوں کوشامل کیا جانا انتہائی اہم ہے اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اب شہروں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کے لئے بھی بڑا چیلنج ہے۔ منتخب کونسلرز صاحبان بالخصوص وارڈ کونسلر، یوتھ اور خواتین کونسلرز کو اس مہم میں شریک کیا جائیگا۔

ڈائریکٹرجنرل لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی طاہر اشرف اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ اشفاق احمد نور نے شرکائے اجلاس کو ویسٹ مینجمنٹ اور ماڈل ویلجز کے حوالہ سے بریف کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر بابر منہاس نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی موجودہ صورتحال ، اسکے قدرتی ماحول پر پڑنے والے منفی اثرات ، ستھر ا پنجاب پروگرام ماڈل اور ساؤتھ ایشیاء میں ویسٹ مینجمنٹ اور پرائیویٹ پارٹیز کے ماڈل پر بریفنگ دی ۔ اجلاس کے آخر میں تمام چیف آفیسران نے لوکل کونسل ھاء کی ادارہ جاتی استعداد کار کے حوالہ سے گروپ ورک بھی کیا۔
مزیدپڑھیں: آزادکشمیر میں نوجوانوں کیلئے آسان شرائط پر لون سکیمیں متعارف کرانے کا فیصلہ

متعلقہ خبریں