ہم پر نسل کشی کا الزام مضحکہ خیز اور سفاکانہ ہے، اسرائیلی صدر

تل ابیب(نیوزڈیسک)جنوبی افریقہ کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمے پر اپنے ملک کے غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی صدر اسحاق ہرتصوغ نے بھی اسےمضحکہ خیز اور سفاکانہ قرار دے دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی عدالت انصاف میں دائر کیے گئے مقدمے سے زیادہ سفاکانہ اور مضحکہ خیز کوئی چیز نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عجیب ہے کہ ان کے ملک پر غزہ جنگ میں فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کی کارروائیوں کا الزام لگایا گیا ہے۔بلنکن کے ساتھ اپنی گفتگو کے دوران ہرتصوغ نے جنوبی افریقہ پر مقدمہ دائر کرنے پر تنقید بھی کی، جس کی سماعت جمعرات کو شروع ہونے والی ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے واشنگٹن کی جانب سے اسرائیل کی حمایت جاری رکھنے پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔