ووٹ ڈالنے کیلئے بے چین ہوں مگرانتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن نے ہی کرنا ہے، انوارالحق کاکڑ

لاہور(نیوزڈیسک) نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وفادار آئندہ الیکشن میں حصہ لیں گے۔نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا میو ہسپتال لاہور کا دورہ ، دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ووٹ ڈالنے کیلئے جتنے آپ بے چین ہیں اتنا ہی میں بھی بےچین ہوں مگر الیکشن کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن ہی کرے گا، ہم بھی چاہتے ہیں ملک میں ایک مستقل حکومت آئے۔نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا کا کوئی بھی ملک بغیر دستاویز کسی کو رہنے کی اجازت نہیں دیتا، کسی بھی دوسرے ملک کا شہری ویزہ حاصل کر کے پاکستان آسکتا ہے، کسی کی املاک پر قبضہ کرنا یا ہتھیانہ ہمارا مقصد نہیں۔نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی پر کوئی پابندی نہیں لگائی، تو نگراں حکومت اس پر پابندی لگانے کا کیسے غیرقانونی و غیر آئینی اقدام کرسکتی ہے، نہ یہ ہمارا اختیار ہے نہ قانون اس کی اجازت دیتا ہے، ان کے خلاف کارروائی کا تاحال کوئی معاملہ نہیں، ان کے امیدوار الیکشن مہم میں حصہ لیں گے، عمران خان کے وفادار اس الیکشن میں حصہ لیں گے، اس سے زیادہ لیول پلیئنگ فیلڈ کی کیا یقین دہانی کراؤں۔انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کی صورت حال قابل مذمت ہے، غزہ میں موجودہ بحران میں فوری جنگ بندی ہونی چاہیئے، جو کچھ اسرائیل نے غزہ میں کیا کسی بھی قسم کا جواز فراہم نہیں کیا جا سکتا۔