نگران پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کیلئے مکمل سپورٹ کرینگے،چیف الیکشن کمشنر

لاہور(نیوزڈیسک) پنجاب میں عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کی ہدایات پر شفاف الیکشن کیلئے عملدرآمد کرے گی ، ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چاروں صوبوں کے ممبرز اور پنجاب کابینہ نے شرکت کی۔اجلاس میں الیکشن کمیشن کے انتظامات اور پنجاب حکومت کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، الیکشن کیلئے سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ۔ طے پایا کہ نگران پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کیساتھ کوآرڈی نیشنکیلئے فوکل پرسن مقرر کرے گی۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عام انتخابات کا وقت قریب ہے، سب کو مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن کو یقینی بنانا ہے، عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، نگران پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کے لیے مکمل سپورٹ کریں گے، 30 نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان شفاف،آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کرانے کے لئے تیار ہے، نگران وزیراعلی محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اب تک کے اقدامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔