اسلام آباد(نیوزڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں اپنی سزا کیخلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواستیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کر دیں۔وکیل امجد پرویز نے نواز شریف کی جانب سے اپیلیں بحال کرنے کی درخواستیں دائرکی ہیں۔نوازشریف کی جانب سے استدعا کی ہےکہ اپیلوں کو بحال کر کے میرٹ پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ کیا جائے۔قبل ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ ہیں اور 10 سال تک عوامی عہدے کیلئے نااہل قرار دیئے گئے ہیں۔نواز شریف نے 21 اکتوبر کووکلا سے مشاورت کی تھی اور اپیلیں بحال کرانے کی درخواستوں پر دستخط کئےتھے۔ قبل ازیں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے نواز شریف بیرون ملک جانے کے بعد عدالت میں پیش نہ ہونے پر ان کی اپیلیں عدم پیروی پر خارج کر دی تھیں۔عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کے شریک ملزمان مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے ان کی سزا کالعدم قرار دیکر نیب ریفرنس سے باعزت بری کرنے کا فیصلہ سنایا تھا جبکہ عدالت نے نواز شریف کی اپیلیں ان کے اشتہاری ہونےکے باعث خارج کرتے ہوئے فیصلے میں لکھا تھا کہ اگر اتھارٹیز انہیں پکڑیں یا وہ سرینڈر کر دیں تو اپیلیں بحال کرانے کی درخواست دائر کرسکتے ہیں۔















