اہم خبریں

فوج اور عوام کے درمیان رشتے پر حملہ کرنے کی سازش بڑے صبر سے ناکام بنائی ، جنرل عاصم منیر

راولپنڈی(نیوزڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہدا ء قومی و عسکری تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ۔یوم دفاع پاکستان مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ 65ء کی جنگ میں مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کو پیشہ ورانہ مہارت سے ناکام بنایا۔ افواج پاکستان نے عوام اور فوج کے درمیان رشتے پر وار کرنے کی کوشش کو تحمل اور سمجھداری سے ناکام بنایا۔ آرمی چیف نے کہا کہ قومی اتحاد و یکجہتی کا عظیم جذبہ دیکھنے میں آیا، اسی جذبے سے ہم نے دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا۔جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج اپنے نظم و ضبط اور اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کی بدولت دنیا میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ ہمارا طرہ امتیاز ہے۔ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر لمحہ تیار ہیں۔ شہدا کی قربانیاں، غازیوں کے کارنامے ہمارے لئے قابل تقلید مثالیں ہیں۔ شہدا کا تقدس اور احترام ہماری اہم ذمہ داری ہے۔ پاک فوج اور عوام کے مابین اعتماد و یگانگت ہماراقیمتی اثاثہ ہے۔ حال ہی میں بعض عناصر نے عوام اور فوج کے رشتے پر وار کرنے کی مذموم کوشش کی، افواج پاکستان نے بحیثیت ایک قومی ادارہ نہایت تحمل اور سمجھ داری سے اسے ناکام بنایا۔چیف آف آرمی اسٹاف نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مسلح افواج نے جس جانفشانی سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، اس کی مثال نہیں۔ پاک فوج عوام کی خواہشات اور امنگوں کا محور ہے۔ مضبوط معیشت مضبوط دفاع کے لیے ناگزیر ہے۔ باہمی تعاون سے پاکستان اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔

متعلقہ خبریں