لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور میں یوم آزادی کے موقع پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل قیصر سلمان تھے جبکہ اب مزار اقبال پر پنجاب رینجرز کی جگہ پاک فوج کا دستہ گارڈز کے فرئض سرانجام دے گا ۔ دوسری طرف کراچی میں بھی یوم آزادی کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر اعزازی گارڈز کے فرائض سرانجام دیئے ، اعزازی گارڈز میں دو دستے شامل ہیں جس میں سے ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز جبکہ دوسرا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے۔تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور محمد خالد تھے۔ واضح رہے کہ آج پاکستان بھر میں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے ۔ اسلام آباد میں 31 جبکہ لاہور ،کوئٹہ،پشاور اور کراچی میں 21 ،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ دن کے آغاز پر ملک میں خوشحالی ،امن و یکجہتی کی دعائیں مانگیں گئیں۔ مزار اقبال ،مزار قائد اور پر جشن آزادی کے موقع پر گارڈز کی تبدیلی کیلئے پر شاندار تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔















