اسلام آباد،لاہور،کراچی،کوئٹہ،پشاور(نیوزڈیسک)ملک بھر میں پاکستان کا 76واں یوم آزادی قومی جذبے اور ملی جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے ،رات بارہ بجتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں نوجوان قومی پرچم ہاتھوں میں تھامے سڑکوں پر نکل آئے جبکہ لاہور میں لبرٹی چوک، نیشنل ہاکی اسٹیڈیم سمیت دیگر مقامات کے علاوہ کراچی، پشاور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس سے آسمان مختلف رنگوں میں رنگ گیا۔یوم آزادی کے موقع پر بچے، بڑے، بوڑھے، جوان، خواتین سب ہی وطن سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کسی نہ کسی صورت کر رہے ہیں۔مینار پاکستان اور جیلانی پارک ریس کورس میں سحر انگیز آتشباز ی کا مظاہرہ کیا گیا۔ آتش بازی کا دلکش ، سحر انگیز اوردل موہ لینے والا نظارہ دیکھ کر شہری خوشی سے نہال ہوئے۔دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے دعاؤں سے ہوگا،وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ملک بھر میں مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی، ملک بھر میںیوم آزادی کی مناسبت سے سیمینارز اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مقررین جدوجہد آزادی کی تحریک میں دی جانے والی قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے،حکومتی، سرکاری شخصیات اورپاک افواج کے افسران،بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ کے مزار ات پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کریں گے۔ ملک کے مختلف مقامات پر تحریک آزادی پاکستان کے شہداء کے لئے بھی قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا۔ دوسری جانب گھروں اور گلی محلوں کو خوبصورت جھنڈیوں اور پرچموں سے سجادیاگیاہے، اہم سرکاری و نجی عمارتوںپرچراغاں کیاگیاہے،ملک بھر میں چھوٹے، بڑے بازاروں میں ہر طرف قومی پرچموں کی بہار ہے اور بیجز، جھنڈیوں اور قومی پرچم کی طرز پر لباس کے سٹالز پر خریداری عروج پر ہے،تاجروں کی مختلف تنظیموں نے پاکستان کا یوم آزادی بھرپور طریقے سے منانے کے لئے تجارتی مراکز میں ملی نغموں اور قومی ترانے کی دھنیں پیش کرنے کے لئے ساؤنڈ سسٹم بھی لگا دئیے ،جشن آزادی کے موقع پرپاکستان ٹیلی وژن،ریڈیو پاکستان سمیت نجی ٹی وی چینلز اور ریڈیو چینلز پر خصوصی پروگرام بھی پیش کئے جارہے ہیںجبکہ جشن آزادی کے موقع پر دہشتگردی کے کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جارہے ہیں۔اہم شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں ں پرسکیورٹی کو ہائی الرٹ کر کے چیکنگ کا نظام مزید سخت کر دیاگیا ہے۔ جشن آزادی پر واہگہ اور گنڈا سنگھ باڈر زپر جشن آزادی کے سلسلہ میں خصوصی پریڈ بھی آج شام کو ہونگی۔















