اہم خبریں

آئی ایم ایف کی مدد سے معیشت کی کایا پلٹ دینگے، وزیراعظم کی کرسٹلینا جورجیوا کو یقین دھانی

اسلام آباد(اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹلینا جورجیوا سےٹیلیفونک رابطہ،ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹلینا جورجیوا نے کہا کہ آئی ایم ایف کو ماضی کی پیدا کردہ بداعتمادی کیوجہ سے تحفظات تھے، یقین ہے پاکستان اپنے وعدوںکی پاسداری کرے گا، وزیراعظم پاکستان نے پیرس میں ہونیوالی ملاقات میں معاہدہ پورا کرنے کی دانشمندی اور عزم دکھایا لائق تحسین اور قابل تعریف ہے، ۔کرسٹلینا نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اب مضبوط شراکت داری اور باہمی اعتماد استوار ہوچکا ، پاکستان آئی ایم ایف کا اہم رکن ہے اور پاکستان کی ہر ممکن حد تک مدد کرتا رہے گا۔ایم ڈی آئی ایم ایف نے وزیراعظم سے قریبی رابطے میں رہنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔وزیراعظم نے گفتگو میں کہا کہ میں نے آج صبح بھی اپنی معاشی ٹیم سے ملاقات کرکے واضح کیا کہ معاہدے کی ذرا سی خلاف ورزی بھی برداشت نہیں کروں گا، 12 اگست تک ہماری حکومت ہے، پھر نگران حکومت آجائے گی، جو معاہدے کا احترام جاری رکھے گی، الیکشن کے بعد عوام نے اگر ہمیں منتخب کیا تو آئی ایم ایف کی مدد سے معیشت کو ٹرن آراؤنڈ کردیں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دنیا کے بہترین اور لذیذ ترین آم پیدا کرتا ہے، آپ کے لئے احترام کے جذبے کے طورپر آموں کا تحفہ بھجوارہا ہوں۔وزیراعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کے پروفیشنل ازم اور لیڈر شپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے غریب عوام کے لئے جذبے اور احساس کو بھی سراہا اور کہا کہ آپ نے جس طرح پاکستان کی مدد کی ہے، اس کا شکریہ ادا کرنے کے لئے الفاظ نہیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف میں 3 ارب ڈالر کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں