اہم خبریں

شدید بارشوں کے باعث بچوںاور خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق ہو گئے

پشاور،لاہور(  اے بی این نیوز   )ملک بھر میں ہونے والے شدید بارشوں کے باعث بچوں ، خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔جاں بحق افراد کا تعلق لاہور، بہاولنگر، لیہ، شانگلہ، کرک سے ہے،پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں صبح چار بجے سے شروع ہونے والی طوفانی بارش کے باعث شہر ڈوب گیا، درجن سے زائد علاقوں میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہوئی ،کمشنر لاہور کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل 2018 میں لاہور میں 288 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی، گزشتہ 30 سالوں میں لاہور میں اتنے کم وقت میں اتنی بارش نہیں ہوئی۔ اب تک سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 282 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ جیل روڈ پر 147 ملی میٹر، ایئرپورٹ پر 130 ملی میٹر، ہیڈ آفس گلبرگ میں 210، اپر مال میں 199، مغلپورہ میں 220، تاجپورہ میں 249، نشتر ٹاون میں 280، چوک نا خدا میں 205 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق مصری شاہ میں بارش کے باعث بوسیدہ چھت گر گئی جس کے باعث 8 سالہ بچے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مرنے والوں کی شناخت نوازش، کلثوم اور 8 سالہ اسد کے نام سے ہوئیں۔ لاشوں کو ملبے سے نکال کر ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔ چونگی امر سدھو بوستان کالونی میں بجلی کی تار توٹ کر سڑک پر گر گئی، گلی میں سے گزرنے والا موٹر سائیکل سوار نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 22 سالہ عثمان کے نام سے ہوئی، متوفی کی لاش گھنٹے تک بارش کے پانی میں پڑی رہی۔کشمیری گیٹ، آخری منٹ سٹاف میں بھی خاتون سمیت دو افراد چل بسے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کی تحصیل رائیونڈ میں بھی خالی پلاٹ میں جمع بارش کے پانی میں گیارہ سالہ بچہ ڈوب کر زندگی کی بازی ہار گیا۔اُدھر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے ترجمان کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق لیہ میں شدید بارشوں کے بعد ایک نوجوان ڈوبنے سے چل بسا۔وزیراعلیٰ پنجاب سیّد محسن نقوی نے بھی میڈیا سے گفتگو کے دوران 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مصری شاہ میں مکان کی چھت گرنے سے تین افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ایک اور واقعہ میں کرنٹ لگنے سے دواموات ہوئیں جبکہ ایک بچہ پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔بعد میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اب تک جاں بحق افراد کی تعداد سات ہو گئی ہے۔دوسری طرف خیبرپختونخوا میں آندھی طوفانی کے باعث شدید بارشیں ہوئیں، موسلادھار بارشوں اور طوفان کے باعث تین افراد جاں بحق ہو ئے جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔محکمہ ریلیف کے مطابق اسی دوران 7 گھروں کو جزوی جبکہ ایک گھر کو مکمل نقصان پہنچایا ہے، نقصانات کے تخمینہ لگانے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ متاثرین کو ریلیف فراہم کریں گے۔پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خبردار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں چھ سے آٹھ جولائی کے دوران سیلاب کا خطرہ ہے۔ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے باعث نو جولائی سے دریائے جہلم۔ چناب اور راوی میں بھی سیلاب کا خدشہ ہے۔ بارش اور آندھی کی صورتحال پر جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی خان کے پہاڑی علاقوں سے منسلک نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔ مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ بھی جاری کردیا گیا۔

متعلقہ خبریں