اصولی طور پر کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کی مخالفت کرتے ہیں ، بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر خارجہ اورچیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اصولی طور پر کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کی مخالفت کرتے ہیں ،اگر کوئی سیاسی جماعت عسکریت پسند تنظیم بننا چاہ رہی ہے تو قانون اپنا راستہ لے گا ۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاﺅس میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا پی ٹی آئی میں سیاسی جماعت بننے کی قابلیت ہے لیکن 9 مئی جیسے واقعات ہماری تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوئے، ملٹری تنصیابات پر جو حملے ہوئے ،حملہ آوروں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، سیاسی جماعتیں ریاست کیخلاف پتھر ،لاٹھی ،بندوق استعمال نہیں کرتیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوئی نیا ملٹری کورٹ قائم نہیں کرنا چاہتے ،نہ ہی آئین میں نئی ترمیم لے کر آرہے ہیں ،نہ ہی پاکستان کے قانون میں کوئی ترمیم لے کر آنا چاہ رہے ہیں ۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی غیر جمہوری و غیر آئینی رویے کی کبھی حمایت نہیں کرسکتی ،عمران خان وزیراعظم رہا ،70 سال کا سیاستدان ہے ،انہیں اس چیز کا خیال رکھنا چاہیے تھا، 9مئی کے واقعے سے پہلے مذاکرات کے سب سے بڑے حامی تھے ،خان صاحب نے اپنے اور ہمارے فیصلوں کو بھی سبوتاژ کیا۔