سپریم کورٹ:وزارت دفاع کی ملک بھر میں ایک ساتھ الیکشن کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان میں وزارت دفاع کی ملک بھر میں ایک ساتھ الیکشن کروانے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی۔چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ ساڑھے 11 بجے درخواست پر سماعت کرے گا، 3رکنی بنچ میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔ وزارت دفاع نے ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کرانے کی درخواست گزشتہ دن سپریم کورٹ میں دائر کی تھی۔سپریم کورٹ میں سربمہر رپورٹ کے ساتھ جمع کروائی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ملک میں جاری سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر سپریم کورٹ 4 اپریل کا اپنا فیصلہ واپس لے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم واپس لے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز وزارت دفاع نے سپریم کورٹ میں سربمہر رپورٹ جمع کروائی جس میں انتخابات کا حکم واپس لینے کی استدعا کی گئی تھی۔وزارت دفاع نے سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں استدعا کی تھی کہ ملک بھر ایک ساتھ انتخابات کرائے جائیں، دہشتگردوں اور شرپسندوں کی جانب سے انتخابی مہم پر حملوں کا خدشہ ہے۔وزارت دفاع نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا تھا کہ قومی، بلوچستان اور سندھ اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے پر ہی انتخابات کرائے جائیں، جبکہ سپریم کورٹ نے سٹیٹ بینک کو 17 اپریل تک پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔