اہم خبریں

ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

اسلام آباد (اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی پہاڑی علاقوں میں سہ پہر کے اوقات میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں صبح سویرے کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ اسلام آباد میں گزشتہ روز کے مقابلے میں درجہ حرارت میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم بارکھان، موسیٰ خیل، زیارت، ہرنائی، ژوب، شیرانی اور خضدار میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ بعض علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں آج مطلع جزوی ابر آلود جبکہ موسم خشک رہنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

صوبے کے بیشتر میدانی اضلاع میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم نوشہرہ، کوہاٹ، ہنگو، کرم، باجوڑ اور مہمند میں ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔

دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ اور ایبٹ آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ خیبر، کرک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔
مزید پڑھیں‌:پی ٹی آئی کی اہم خبر،سلمان اکرم راجہ کا بڑا اعلان سامنے آگیا

متعلقہ خبریں