مظفرآباد (اے بی این نیوز) چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ تین چار روزہ دھرنے کا حل نکلا تو راولاکوٹ میں انتخابات 20 یا 21 اگست تک ممکن ہو جائیں گے۔
مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پہلے باغ اور حویلی میں پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سکیورٹی باغ اور حویلیاں پہنچ گئی ہے۔ پولنگ میٹریل کی ترسیل فوج کی نگرانی میں جاری ہے۔ حساس ترین پولنگ اسٹیشن پر 8 اہلکار تعینات ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ باغ اور حویلیاں میں 9 اور 10 اگست کو انٹرنیٹ بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، وہ اگلے 7 روز میں راولاکوٹ میں پولنگ کی تاریخ کا اعلان کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔ تین چار روزہ دھرنے کا حل نکلا تو راولاکوٹ میں الیکشن 20 یا 21 اگست تک ممکن ہو جائیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کے الزامات کے جواب میں بیان نہیں دے سکتے، دھاندلی ہوئی یا نہیں یا کس نے کی، حقائق الیکشن مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے، ووٹوں کی گنتی امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں:بھارتی خاتون نے لمبے ترین بالوں کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا















