ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 3 روزہ دورے پر اسلا م آباد پہنچ گئے

اسلام آباد(نیوزڈیسک) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پیر کو تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ایرانی صدر اپنی اہلیہ، کابینہ کے ارکان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد اور کاروباری شخصیات کی ایک “بڑی” ٹیم کے ساتھ وفاقی دارالحکومت پہنچے۔دفتر خارجہ نے بتایا کہ 22 سے 24 اپریل تک اپنے دورے کے دوران ایرانی سربراہ مملکت پاکستان کے وزیراعظم، صدر، چیئرمین سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اسپیکر سے ملاقاتیں کریں گے۔
مزید پڑھیں: سندھ میں تیل اور گیس کے مزید ذخائر دریافت، 25 لاکھ مکعب فٹ یومیہ گیس حاصل ہوگی
حکام دو طرفہ تعلقات، تجارت اور توانائی، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے بات چیت کریں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق فریقین علاقائی اور عالمی امور پر تعاون اور دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعاون پر بات چیت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق صدر رئیسی کے ایجنڈے میں دو طرفہ تعلقات، سیکورٹی تعاون، گیس پائپ لائن منصوبہ اور ممکنہ آزاد تجارتی معاہدوں کی تلاش شامل ہے۔پاکستان اور ایران نے ایک مشترکہ خصوصی اقتصادی زون قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے 22 اپریل (پیر) کو ہونے والے صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کے دوران ایران کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے کو سبز روشنی دی۔ذرائع نے دعویٰ کیا کہ دونوں ممالک نے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کے مسودے کو حتمی شکل دے دی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی اقتصادی زون رمضان گباد سرحد پر قائم کیا جائے گا۔

ذرائع نے مزید کہا کہ مشترکہ خصوصی اقتصادی زون حکومت سے حکومتی سطح پر قائم کیا جائے گا۔ایرانی صدر اپنے دورے کے دوران ملک کی صوبائی قیادت سے ملاقات کے لیے کراچی اور لاہور شہروں کا بھی دورہ کریں گے۔ رئیسی کا علامہ اقبال کے مزار پر بھی جانا ہے۔رئیسی کراچی میں مزار قائد پر بھی جائیں گے اور بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔غیر ملکی رہنما کراچی میں قیام کریں گے اور بدھ کو تہران واپس آئیں گے۔ہائی پروفائل دورے کے باعث صوبائی حکام ہائی الرٹ ہیں اور 23 اپریل کو کراچی میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔