نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی لوٹ مار ، کرپشن کی ہوشرباء داستان منظر عام پرآگئی

اسلام آباد(اے بی این نیوز) نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور ایم ڈی پی ٹی وی مبشر توقیر کی پی ٹی وی میں لوٹ مار اور کرپشن کی ہوشربا داستان سامنے آگئی ۔

ذرائع کے مطابق نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے اپنے دور میں کی جانیوالی غیر قانونی بھرتیاں اور خصوصی طور پر اپنی منظور نظر خواتین کو بھاری وظائف پرپی ٹی وی میں بھرتی کیا ، ؕذرائع کے مطابق ایک جونیئر افسر کو تین شعبوں کا چارج دیا گیا ۔ چوہدری سلیم کو جی ایم پی ٹی وی ، نیوزکنٹرولر کرنٹ افیئر اور ڈائریکٹر کرنٹ افیئر کا چار ج دے رکھا تھا تاکہ مرتضیٰ سولنگی اور مبشرتوقیر کو لوٹ مار میں آسانی ہو۔

الیکشن کے دوران صرف کھانے کی مد میں دو دن کا 48لاکھ روپے ، ٹرانسپورٹ ایک کروڑ اور ایک کروڑ روپے بورڈنگ اور لاجنگ اخراجات کے بل تیار کئے گئے ۔ مرتضیٰ سولنگی نے اپنے دو دوستوں عامر غوری اور فوزیہ یزدانی کو الیکشن ٹرانسمیشن کی اینکرنگ پر رکھا جن کو کروڑوں روپے ادا ئیگی کی گئی ، گزشتہ چار ماہ قبل 7لاکھ 50 ہزار تنخواہ پر چار قریبی افراد کو نوازا گیا ۔ ذرائع کے مطابق ایم ڈی پی ٹی وی مبشر توقیر اورمرتضیٰ سولنگی نے پی ایس ایل رائٹس نہ لے کر ایک تو عوام کو پی ایس ایل سے محروم کیا اور دوسری طرف ایک نجی چینل کے سامنے BIDنہ کرکے اسے بھاری وظیفہ وصول کیا ۔ اس سکینڈل میں پی ٹی وی سپورٹس کے بھی بہت سے لوگ اپنے ساتھ ملا لئے ۔ غریب عوام کے ٹیکس پر پلنے والا ادارہ پی ٹی وی پی ایس ایل سے بھی محروم رہا اور 70 فیصد سے زائد آبادی پی ایس ایل سے محروم رہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:‌معروف ماڈل ایان علی کی آصف علی زرداری کو صدر مملکت بننے پر مبارکباد پیش

نگرا ن وزیراطلاعات نے جاتے جاتے خلاف میرٹ ایک افسر کو جی ایم ملتان تعینات کردیا ۔ ذرائع کے مطابق عامر غوری اور فوزیہ یزدانی جو کہ پرائیویٹ سیکٹر سے لنک رکھتے ہیں مرتضیٰ سولنگی نے جاتے جاتے ان دونوں کو چیک ایشوکروادیئے جس میں ایم ڈی پی ٹی وی مبشر توقیر بھی شامل ہے ۔ حالانکہ پی ٹی وی کی تاریخ میں ایسا نہیںہوا کہ کسی Talent کو Post Dated چیک ایشو کرائے گئے ہوں ۔ڈیلی اوصاف ، اور اے بی این نیوز کو دستیاب دستاویزات کے مطابق یہ ایک بہت بڑا سکنڈل ہے جو حکمرانوں اور عوام کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے ۔

ذرائع کے مطابق مرتضیٰ سولنگی اور مبشر توقیر نے عین الیکشن کے دن پی ٹی وی گلوبل نشریات بند کروادیں جس کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی ۔ جو کہ ریاست مخالف سازش کا حصہ ہے۔ ذرائع کے مطابق نگران حکومت کو کسی بھی قسم کی پوسٹنگ کی اجازت نہیں تاہم نگران وزیراطلاعات نے اپنے من پسند افراد کو نوازنے کیلئے وزارت اطلاعات میںقانون اور آئین کے مغائر اکھاڑ پچھاڑ کرکے کرپشن کی تاریخ رقم کی ، نگران وزیراطلاعات ونشریات مرتضیٰ سولنگی نے اپنے من پسند افسران کوساتھ ملا کراس کرپشن کی گنگا میں ہاتھ دھوئے ۔