کورونا وائرس کی سب سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والی نئی قسم سامنے آگئی

نیویارک(نیوزڈیسک)کورونا وائرس کی سب سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والی نئی قسم سامنے آگئی،عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہاہے کہ اومیکرون کی ذیلی قسم ایکس بی بی 1.5 اس وائرس کی اب تک کی سب سے زیادہ متعدی قسم ہے، بظاہر اومیکرون کی یہ قسم لوگوں کو زیادہ بیمار نہیں کرتی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈبلیو ایچ او کی کووڈ کمیٹی کی سربراہ ماریہ وان نے بتایا کہ عالمی حکام فکرمند ہیں کہ اومیکرون کی یہ نئی ذیلی قسم کتنی تیزی سے شمال مشرقی امریکا میں پھیل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا میں ہر 2 ہفتوں میں ایکس بی بی 1.5 کے کیسز کی تعداد دوگنا بڑھ رہی ہے، جس کے باعث یہ وہاں سب سے زیادہ عام قسم بن چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اومیکرون کی تمام ذیلی اقسام میں سب سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والی قسم ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس کے بہت زیادہ متعدی ہونے کی وجہ اس میں ہونے والی جینیاتی تبدیلیاں ہیں جس کے باعث کووڈ کی یہ قسم بہت آسانی سے خلیات میں داخل ہوجاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اب تک دنیا کے 29 ممالک میں ایکس بی بی 1.5 کے کیسز سامنے آئے ہیں مگر یہ قسم زیادہ بڑے پیمانے پر موجود ہوسکتی ہے کیونکہ دنیا بھر میں جینوم سیکونسنگ کی شرح کم ہوگئی ہے۔عالمی ادارے کی عہدیدار نے بتایا کہ ابھی ایسا ڈیٹا موجود نہیں جس سے معلوم ہوسکے کہ اومیکرون کی دیگر اقسام کے مقابلے میں یہ نئی قسم لوگوں کو زیادہ بیمار کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایکس بی بی 1.5 کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ آنے والے دنوں میں جاری کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ وائرس جتنا زیادہ پھیلے گا اس کے بدلنے کا امکان بھی اتنا زیادہ ہوگا، ہم دنیا کے مختلف حصوں میں کورونا کی مزید لہروں کو دیکھ سکتے ہیں مگر اموات کی شرح میں اضافہ نہیں ہوگا کیونکہ اس حوالے سے ہمارے اقدامات مؤثر ثابت ہورہے ہیں۔

کیٹاگری میں : صحت