Your theme is not active, some feature may not work. Buy a valid license from stylothemes.com

عیدالاضحیٰ،جانوروں کی خریداری اور قربانی سے متعلق احتیاطی تدابیر

اسلام آباد (اے بی این نیوز)طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ کے لیے قربانی کے جانور خریدتے وقت خاص احتیاط کریں کیونکہ ان ایام میں کانگو وائرس اور لمپی اسکن کے کیسز بڑھ سکتے ہیں۔ مویشی منڈیوں میں بیمار جانوروں کے داخلے کو روکنے کا کوئی موثر نظام نہیں اور مویشی منڈیوں کے ٹھیکیدار پیسے بٹور کر بیمار جانوروں سمیت تمام جانوروں کو ہیلتھ کلیئرنس جاری کر رہے ہیں۔ عید الضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی شہروں میں قربانی کے جانوروں کی منڈیاں لگنا شروع ہوجاتی ہیں اور اندرون ملک سے بڑی تعداد میں قربانی کے جانور شہروں میں لائے جاتے ہیں۔ ایسے میں جہاں کانگو وائرس کے خطرات بڑھ جاتے ہیں اس سال جلدی بیماری لمپی اسکن کے خطرات بھی منڈلا رہے ہیں ، ایسے میں شہریوں کو چاہیے کہ قربانی کے جانوروں خریدتے وقت اور ان جانوروں کی دیکھ بھال کرنے والے افراد خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔ کانگو وائرس اُس پسو یا چیچڑی کے کاٹنے سے پھیلتا ہے جس نے کانگو وائرس سے متاثرہ مویشی کا خون چوسا ہو یا کسی متاثرہ جانور کو ذبح کرنے کے دوران یا اس کے فورا بعد خون اور گوشت کو چھونے سے یا متاثرہ افراد کے خون ، اعضائ یا دیگر جسمانی رطوبتوں سے پھیلتا ہے۔ قربانی کا جانور خریدتے وقت یا قربانی کے جانور کی دیکھ بھال کرتے وقت ہلکے رنگ کے پوری آستین والے کپڑے پہنیں، جوتے، جرابوں کے ساتھ پہنیں، حشرات اور کیڑے پکوڑوں سے بچانے والی ٹیوب یا لوشن جسم کے کھلے حصوں پر لگائیں، قربانی کا جانور خرید کر گھر آنے کے فوری بعد ضرور نہائیں۔ جانور ذبح کرتے وقت اپنے ہاتھوں پر دستانیں پہن لیں، اپنے منہ اور ناک کو ماسک سے ڈھانپ کر رکھیں، دستانے اتارتے ہی صابن سے اپنے ہاتھوں کو دھوئیں،جانور کی کھال کو پلاسٹک کی شیٹ سے ڈھانپ کر الگ رکھیں، قربانی کے جانور کے خون یا پانی کو سڑک پر مت بہائیں۔ڈ تیز بخار، پٹھوں میں درد، کمر درد، سر درد، قے، شدید خراش اور ناک سے خون آنا کانگو وائرس کی علامات میں شامل ہے، ایسے کسی بھی علامت کی صورت میں فوری طور پر معالج سے رجوع کریں۔ ان دنوں دوسرا خطرہ لمپی اسکن ڈیزیز کی موجودگی ہے ، پی ایم اے عوام کو خبردار کرتی ہے کہ وہ لمپی اسکن ڈیزیز والے جانوروں کے قریب جانے سے گریز کریں اور قربانی کے لیے بیمار جانور نہ خریدیں۔ شہریوں کو چاہیے کہ دن کے اوقات میں جانور خریدنے مویشی منڈی جائیں تاکہ آپ بیمار ، لاغر اور عیب دار جانور خریدنے سے بچ سکیں۔ مویشی منڈیوں میں داخلے کے مقامات پر تمام جانوروں کی اسکریننگ کی جائے اور صرف صحت مند جانوروں کو منڈی میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے تاکہ عوام کی زندگی اور صحت بچائی جا سکے۔