ملک بھر میں24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے21کیس رپورٹ ہوئے،قومی ادارہ صحت

اسلام آباد(نیوز ڈیسک  )قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ)نے کہا ہے کہ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے21کیس رپورٹ ہوئے۔ این آئی ایچ کی جانب سے اتوارکو جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں24 گھنٹوں کے دوران 4ہزار135کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے21افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، اس طرح اس مدت میں کورونا ٹیسٹ کی مثبت شرح 0.51فیصد رہی۔ مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 19مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ملک کے مختلف شہروں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کئے گئے کورونا ٹیسٹ میں کراچی میں 430ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 8افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا اور مثبت شرح1.85فیصد رہی ہے،گلگت میں251 ٹیسٹ میں سے ایک شخص کا ٹیسٹ مثبت اور شرح 0.40فیصد رہی.لاہور میں803ٹیسٹ میں سے تین افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا اور شرح 0.37فیصد رہی جبکہ پشاور میں 447ٹیسٹ میں سے ایک شخص کا ٹیسٹ مثبت آیا اور وہاں پر شرح0.22فیصد رہی۔

کیٹاگری میں : صحت