مٹن چنے بنائیں اور اپنا صبح کا ناشتہ دوبالا کریں

لوگوں کی اکثریت صبح سویرے مختلف مارکیٹوں میں مزیدار ناشتے کیلئے نکلتے ہیں ۔۔ کہیں چنے تو کہیں مٹن چنوں کی آوازیں گونج رہی ہوتی ہیں ۔ ایسے میں بہت سے دوستوں کو بھی دعوت دیتے ہیں لیکن بعض خاندان گھروں میں صبح کے ناشتے کا اہتمام کرتے ہیں آج آپ کو مٹن چنے بنانے کا طریقہ بتاتے ہیں
اجزا:
بکرے کا گوشت آدھا کلو
سفید چنے ایک پیالی
ادرک لہسن پسا ہوا 2 کھانے کے چمچ
نمک حسب ذائقہ
پیاز دو عدد درمیانی، ٹماٹر دو عدد درمیانے
لال مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچ
دھنیا پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ
سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ
ہلدی ایک چائے کا چمچ
دہی آدھی پیالی
ہری مرچیں باریک کٹی ہوئی تین سے چار عدد
ہرا دھنیا باریک کٹا ہوا آدھی گٹھی
کوکنگ آئل آدھی پیالی
ترکیب:
چنوں کو اُبالنے کیلئے آدھا چائے کا چمچ میٹھا سوڈا ڈال کر دو گھنٹے کیلئے بھگو دیں۔دوبارہ دھو کر تین سے چار پیالی صاف پانی ڈال کر اتنی دیر اُبالیں کہ اچھی طرح گل جائیں۔پیاز کو باریک کاٹ لیں اور ٹماٹر کو چوکور ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔گوشت کو صاف دھو کر اس میں ادرک لہسن،نمک اور پھینٹی ہوئی دہی لگا کر آدھے گھنٹے کے لئے رکھ دیں۔پین میں کوکنگ آئل کو درمیانی آنچ پر دو سے تین منٹ کے لئے ہلکا سا گرم کرکے پیاز کو سنہرا فرائی کر لیں۔پھر اس میں ٹماٹر ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ وہ اچھی طرح گل جائے۔ پھر لال مرچ،دھنیا،زیرہ،ہلدی اور مصالحہ لگا ہوا گوشت ڈال کر ڈھک دیں۔ ہلکی آنچ پر پکاتے ہوئے جب گوشت گلنے پر آجائے تو اتنی دیر بھونیں کہ تیل علیحدہ ہو جائے۔چنے ڈال کر دو پیالی پانی ڈال دیں اور ہلکی آنچ پر دس سے بارہ منٹ تک پکائیں۔ڈش میں نکال کر ہری مرچیں اور ہرا دھنیا چھڑک دیں اور نان کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔