رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کیلیے غیرملکی سرمایہ لانے کی اجازت

کراچی(اے بی این نیوز    )وفاقی حکومت نے رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کو نجی طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کی اجازت دیدی۔اسٹیٹ بینک نے ٹرسٹ کمپنیوں کیلیے فارن ایکسچینج مینول میں ترمیم کی ہے تاکہ وہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دے سکیں،غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ٹرسٹ کمپنی کی رجسٹریشن سے اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈ کرنے کے تین سال کے دوران بھی سرمایہ کاری کی اجازت ہو گی۔عارف حبیب ڈولمین ریئٹ مینجمنٹ لمیٹڈ کے سی ای او محمد اعجاز نے بتایا کہ ہر کوئی سرمایہ کاری کیلیے غیر ملکیوں سے رابطہ کرنے پر غور کر رہا ہے، لیکن بے ضابطگی ان سب کی راہ میں رکاوٹ ہے۔وفاقی حکومت نے رئیل اسٹیٹ انوسٹمنٹ ٹرسٹ (آر ای آئی ٹی) کمپنیوں کو اپنے رئیل اسٹیٹ، زراعت، موبائل ٹاور اور قابل تجدید توانائی کے منصوبوں میں نجی طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کی اجازت دیدی ہے، یہ اجازت مذکورہ پراجیکٹس کو اسٹاک مارکیٹ میں تجارت کیلیے پیش کرنے سے قبل قابل عمل ہو گی، ہر رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ کمپنی رجسٹریشن کی تاریخ سے تین سال کے اندر سٹاک مارکیٹ میں درج ہونے کی پابند ہوتی ہے۔