اہم خبریں

آئی فون پر 25 فیصد ڈسکاؤنٹ کا جھانسہ، کاسپرسکی نے پاکستانیوں کو خبردار کر دیا

اسلام آباد (اے بی این نیوز) سائبر سیکیورٹی کمپنی کاسپرسکی (Kaspersky) نے پاکستانی صارفین کو آئی فون اور دیگر مہنگے اسمارٹ فونز پر غیر معمولی رعایت دینے والی جعلی ویب سائٹس سے خبردار کر دیا ہے۔

کاسپرسکی کے مطابق، سائبر مجرم ایپل سے ملتے جلتے ڈیزائن، کاؤنٹ ڈاؤن ٹائمرز اور پرکشش پری آرڈر آفرز کے ذریعے صارفین کو دھوکا دینے کی کوشش کر رہے ہیں، تاکہ ان کی ذاتی معلومات حاصل کی جا سکیں۔

کمپنی نے ایک ایسی جعلی ویب سائٹ کی نشاندہی کی جس پر 25 فیصد ڈسکاؤنٹ کی پیشکش کی گئی تھی۔ صارفین کو خریداری کے لیے آمادہ کرنے کے لیے 30 منٹ کا الٹی گنتی ٹائمر بھی دکھایا گیا، جس سے انہیں فوری آرڈر دینے کا دباؤ محسوس ہو۔

رپورٹ کے مطابق، خریداروں سے رابطے کی معلومات اور ڈیلیوری کا پتا فراہم کرنے کو کہا جاتا تھا، جبکہ ادائیگی کی تفصیلات کی تصدیق بعد میں ایک نمائندے کے ذریعے کرنے کا کہا جاتا تھا۔

کاسپرسکی کو ایسی جعلی کثیر لسانی ویب سائٹس بھی ملی ہیں جو نئے اسمارٹ فونز کی تشہیر کرتی اور مختلف کرنسیوں میں پیشگی آرڈرز وصول کرتی ہیں۔ بعض ویب سائٹس صارفین کو ایپل کی سرکاری ویب سائٹ پر منتقل کرنے کا دعویٰ کرتی تھیں، تاہم یہ دعویٰ درست نہیں تھا۔

کاسپرسکی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اسمارٹ فونز صرف ایپل کی سرکاری ویب سائٹ یا معروف اور قابلِ اعتماد فروخت کنندگان سے خریدیں۔ غیر معمولی رعایتوں، محدود وقت کی آفرز اور فوری ادائیگی کے مطالبات پر خصوصی احتیاط کریں۔

کمپنی کے مطابق، کسی بھی آن لائن آفر پر اعتماد کرنے سے پہلے ویب سائٹ کا اصل ایڈریس ضرور چیک کریں اور نامعلوم ویب سائٹس پر ذاتی یا مالی معلومات فراہم کرنے سے گریز کریں۔
مزیدپڑھیں: اسلام آباد کے طلباء کے لیے خوشخبری، 42 دن انتظار کے بغیر موٹر سائیکل لائسنس حاصل کرنے کی سہولت

متعلقہ خبریں