اہم خبریں

قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں ردوبدل کردیا گیا

اسلام آباد(اے بی این نیوز) قومی بچت کے ادارے نے مختلف سکیموں پر منافع کی شرح میں ردوبدل کر دیا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کی جانب سے جاری کردہ نئے نوٹیفکیشن میں بعض سرٹیفکیٹس اور اکاؤنٹس کے منافع میں اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ متعدد اسکیموں کی سابقہ شرحیں برقرار رکھی گئی ہیں۔

اعلامیے کے مطابق اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس کے ابتدائی 5 منافعوں کی شرح 11.8 فیصد مقرر کر دی گئی ہے، تاہم چھٹے منافع کی شرح 12.8 فیصد پر برقرار رہے گی۔ اسی طرح ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس کے منافع میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر منافع کی شرح 12.12 فیصد برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس اور شہداء فیملی اکاؤنٹس پر بھی سرمایہ کاروں کو پہلے کی طرح 12.96 فیصد منافع ملتا رہے گا۔

ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز نے شارٹ ٹرم سیونگز سرٹیفکیٹس کے منافع میں اضافہ کیا ہے۔

نئی شرحوں کے تحت 3 ماہ کی مدت کے سرٹیفکیٹس پر 11.56 فیصد، 6 ماہ کے سرٹیفکیٹس پر 11.90 فیصد اور ایک سالہ سرٹیفکیٹس پر 12.14 فیصد منافع مقرر کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق عام سیونگ اکاؤنٹ پر منافع کی شرح اب 10.50 فیصد ہوگی۔ سروا اسلامی ٹرم اکاؤنٹ کے ایک سالہ منصوبے کے لیے شرح 12.04 فیصد مقرر کی گئی ہے، جبکہ سروا اسلامی ٹرم سرٹیفکیٹ کے تین سالہ منصوبے پر منافع 11.98 فیصد کر دیا گیا ہے۔

مزید برآں سروا اسلامی ٹرم سرٹیفکیٹ کے 5 سالہ منصوبے کی شرح 12.12 فیصد پر برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ سروا اسلامی سیونگ اکاؤنٹ کیلئے متوقع منافع کی شرح بڑھا کر 12.04 فیصد کر دی گئی ہے۔
مزیدپڑھیں: امریکی تیل کے ذخائر میں بڑا اضافہ، عالمی منڈی میں خام تیل سستا

متعلقہ خبریں