اسلام آباد ( اے بی این نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے نیا انتخابی شیڈول فوری طور پر جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سیکریٹریٹ کو انتخابی پروگرام تیار کرکے جاری کرنے کی ہدایت کردی۔
الیکشن کمیشن کے تفصیلی حکم نامے کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا نیا انتخابی پروگرام اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری مقامی حکومت ایکٹ 2015، انتخابات ایکٹ 2017 اور متعلقہ قواعد کے تحت جاری کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کی وجوہات بھی بیان کردی ہیں۔ حکم نامے کے مطابق اسلام آباد کی مقامی حکومت کی مدت 14 فروری 2021 کو ختم ہوئی تھی۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن نے 6 مرتبہ حلقہ بندیاں کیں اور 4 مرتبہ بلدیاتی انتخابات کا پروگرام جاری کیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق آخری انتخابی پروگرام 9 دسمبر 2025 کو جاری کیا گیا تھا اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے 15 فروری 2026 کو پولنگ ہونا تھی، تاہم وفاقی حکومت نے 10 جنوری 2026 کو اسلام آباد مقامی حکومت ترمیمی آرڈیننس 2026 جاری کردیا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ قانونی تبدیلی کے باعث الیکشن کمیشن نے 16 جنوری 2026 کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کے مرحلے پر کارروائی روک دی تھی۔ بعد ازاں کمیشن نے وفاقی حکومت سے ٹاؤن کارپوریشنز کی حدود اور یونین کونسلز کی تعداد سے متعلق اعلامیے طلب کیے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق یونین کونسلز کی حلقہ بندی کا شیڈول 21 جولائی 2026 کو جاری کیا گیا جبکہ 25 اگست کو نظرثانی کی گئی۔ کمیشن نے وزارت داخلہ کو مسودہ قواعد 2026 کی حتمی منظوری کے لیے 29 جولائی، 21 اگست، 10 ستمبر اور یکم اکتوبر کو خطوط بھی ارسال کیے۔
حکم نامے کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری مقامی حکومت ترمیمی آرڈیننس 2026 کی مدت 6 ستمبر کو ختم ہوگئی۔ وزارت داخلہ نے 29 ستمبر کو آگاہ کیا کہ آرڈیننس قائمہ کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا اور منظوری کی سفارش کی گئی، جبکہ مسودہ قواعد قانونی جانچ کے لیے وزارت قانون کو بھیجے گئے تھے، تاہم وزارت قانون نے انہیں قانونی جانچ کے بغیر واپس کردیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق وزارت قانون کا مؤقف تھا کہ ختم شدہ آرڈیننس کے تحت قواعد بنانے کا اختیار بھی ختم ہوچکا ہے۔ بعد ازاں اسلام آباد کی تازہ حلقہ بندی 14 اکتوبر کو مکمل کرکے جاری کردی گئی۔
الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ آرڈیننس کے ختم ہونے سے کمیشن کا آئینی اختیار ختم نہیں ہوتا بلکہ آرڈیننس کی مدت ختم ہونے کے بعد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری مقامی حکومت ایکٹ 2015 بحال ہوگیا۔
حکم نامے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات غیر معینہ مدت تک ملتوی نہیں کیے جاسکتے اور انتخابات کا انعقاد کسی ادارے کی مرضی پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ آئین کی شق 220 تمام انتظامی حکام کو کمیشن کی معاونت کا پابند بناتی ہے، جبکہ وفاقی حکومت نے بھی سپریم کورٹ کے سامنے جلد از جلد اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا انتخابی پروگرام فوری طور پر تیار کرکے جاری کیا جائے اور تمام متعلقہ اقدامات تیزی سے قانون کے مطابق مکمل کیے جائیں۔
مزید پڑھیں:سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کی بڑی کمی، نئی قیمتیں سامنے آگئیں















