سینٹرل پرچیزنگ پاور ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے درخواست کی ہے کہ دسمبر کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت فی یونٹ کم کی جائے۔ اس درخواست کے بعد ایک ماہ کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں تقریباً ایک روپے 3 پیسے کمی کا امکان ہے۔
سی پی پی اے نے نیپرا میں دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے درخواست دائر کی ہے، جس پر نیپرا 30 جنوری کو سماعت کرے گا۔ درخواست میں کہا گیا کہ دسمبر میں ڈسکوز کو 7 ارب 51 کروڑ 60 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی، اور فی یونٹ بجلی کی فیول لاگت 9 روپے 60 پیسے رہی، جبکہ لاگت کا تخمینہ 10 روپے 63 پیسے فی یونٹ تھا۔
دسمبر میں مختلف ذرائع سے بجلی کی پیداوار کے بارے میں سی پی پی اے نے بتایا کہ پانی سے 22.80 فیصد، مقامی کوئلے سے 10.06 فیصد، درآمدی کوئلے سے 1.59 فیصد، اور فرنس آئل سے 0.03 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔ مزید برآں، مقامی گیس سے 12.31 فیصد، ایل این جی سے 20.70 فیصد اور نیو کلیئر ذرائع سے 26.48 فیصد بجلی کی پیداوار ہوئی۔