اہم خبریں

رجب بٹ کا متنازع بیان وائرل،سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی

رجب بٹ کا متنازع بیان وائرل،سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی

لاہور (اے بی این نیوز) معروف یوٹیوبر رجب بٹ نے بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق نامناسب مذاق کرنے پر معافی مانگ لی۔

چند روز قبل رجب بٹ کی زید علی ٹی کے ساتھ ٹک ٹاک براہِ راست نشریات کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے زید علی کے تاثرات پر تبصرہ کرتے ہوئے بچوں کے جنسی استحصال جیسے حساس موضوع کو مذاق کے طور پر استعمال کیا تھا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے رجب بٹ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

بعد ازاں رجب بٹ نے انسٹاگرام پر جاری اپنی ایک اسٹوری میں اپنے الفاظ پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو میں انہوں نے جو بات کہی وہ انتہائی نامناسب اور حد سے گری ہوئی تھی، ایسا مذاق کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

یوٹیوبر نے کہا کہ اس قسم کے مذاق بدقسمتی سے معاشرے، خصوصاً لڑکوں کی محفلوں میں معمول بن چکے ہیں، تاہم اس سے یہ درست یا قابلِ قبول نہیں ہوجاتے۔ ملک میں بچوں کے جنسی استحصال جیسے سنگین مسئلے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے انہیں اپنے الفاظ کے حوالے سے زیادہ محتاط ہونا چاہیے تھا۔

رجب بٹ نے ان تمام افراد سے بھی معافی مانگی جن کے جذبات ان کے الفاظ سے مجروح ہوئے یا جن کے ماضی کے صدمات دوبارہ تازہ ہوئے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ وائرل ہونے والی ویڈیو پرانی ہے، تاہم ویڈیو کا پرانا ہونا ان کے الفاظ کا جواز نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی غلطیوں سے سیکھنے اور مستقبل میں اپنے الفاظ اور ان کے اثرات کے حوالے سے زیادہ ذمہ دار اور محتاط رہنے کی کوشش کریں گے۔
مزید پڑھیں‌:سونا ہزاروں روپے مہنگا، خریداروں کی پہنچ سے دور

متعلقہ خبریں