پشاور( نیوز ڈیسک) سینئر نائب صدر تحریک انصاف شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی الیکشن میں روالپنڈی کے حلقے سے شیخ رشید کو کسی صورت سپورٹ نہیں کرے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ بلے کا نشان پی ٹی آئی کاانتخابی نشان تھا اور رہے گا، پرویز خٹک کا بیان مضحکہ خیز ، نوٹس لینا چاہیے، بلے کا نشان صرف الیکشن کمیشن ہی آفر کر سکتا ہے اور کوئی نہیں۔ چاہوں تو ہر صورت این اے 32 سے الیکشن لڑ سکتا ہوں۔پشاور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ بلے کا نشان آفر کرنے کی ضرورت کیوں تھی؟ پرویز خٹک نے تو تحریک انصاف کے مقابلے میں اپنی پارٹی تشکیل دی ہے۔شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک کے بیان سے ان کے اور الیکشن کمیشن کے تانے بانے ملتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے این اے 32 پشاور سے الیکشن کیلئے مجھے نامزد کیا تھا، اپنے حلقے لکی مروت سے بھی قومی اسمبلی کے لیے کاغذات جمع کرائے ہیں، الیکشن کہاں سے لڑنا ہے یہ فیصلہ پارٹی کرے گی۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ توشہ خانہ، القادر ٹرسٹ سمیت باقی کیسز میں بھی جلد بانی پی ٹی آئی کی ضمانت ہو جائے گی، جب ایک پارٹی سے اس کا نشان لے لیا جائے تو شفاف الیکشن کیسے ہوں گے، ووٹروں سے ان کے ووٹ کا حق چھینا جا رہا ہے۔















