اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے وزیراعظم سے ملاقات کا وقت نہ ملنے پر شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جلد وزیراعظم سے ملاقات نہ ہوئی تو وہ وزارت چھوڑنے پر غور کریں گے۔
ایک انٹرویو میں قیصر احمد شیخ نے حکومتی نظام، بیوروکریسی اور مبینہ کرپشن پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی بھرپور کوششوں کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر پا رہے، جس پر انہیں خود بھی تکلیف ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے 60 سالہ تجربے کو بروئے کار لانے کی کوشش کی، تاہم مختلف سطحوں پر مبینہ کرپشن اور بیوروکریسی کی جانب سے فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔
قیصر احمد شیخ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کئی مرتبہ سنجیدگی سے وزارت چھوڑنے پر غور کیا۔ ان کے مطابق گزشتہ ڈھائی سال کے دوران وزیراعظم نے انہیں ملاقات کے لیے ایک منٹ کا وقت بھی نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ جلد وزیراعظم سے ملاقات ہوجائے، بصورتِ دیگر وہ وزارت چھوڑ دیں گے۔
حکومتی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے کہا کہ ملک میں حکومتیں تو تبدیل ہوتی رہی ہیں، تاہم غریب عوام کی حالت میں خاطر خواہ بہتری نہیں آسکی۔
مزید پڑھیں:موسم پھر بدلنے والا ہے، محکمہ موسمیات کا نیا الرٹ جاری















